سپارکو، سائنسدانوں اور مسلح افواج کی شاندار کاوشیں:ذیشان علی کے تاریخی مشن کی یاد میں ہر سال 25 نومبرکا دن منانے کا بڑا اعلان

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کے پہلے خلا باز ذیشان علی کی خلائی مہم میں شمولیت پاک چین دوستی اور اشتراک عمل کا اعلیٰ مظہر ہے جبکہ اس یادگار خلائی مشن کی مناسبت سے ہر سال 25 نومبر کا دن منایا جائے گا۔

کہکشاں مشن کنٹرول سینٹر کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ یہ مرکز پاکستان کے خلائی سفر اور خلائی تحقیق کے حوالے سے بڑھتے ہوئے عزم کی علامت ہے جسے کم وقت میں انتھک محنت سے تیار کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ یہ مشن کنٹرول سینٹر چار روز تک سرگرم رہے گا جہاں خلائی سائنس سے جڑی دستاویزی فلمیں بھی دکھائی جائیں گی۔

ان کے بقول آج پاک چین دوستی کی تاریخ کا ایک اہم دن ہے اور پہلے پاکستانی خلا باز ذیشان علی نے ملک کا نام روشن کیا ہے جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ اس سنگِ میل کے حصول میں سائنسدانوں، سپارکو اور مسلح افواج کا کردار قابل تعریف ہے اور پاکستانی خلا باز کی خلائی مشن میں شرکت سے دنیا بھر میں پاکستان کی پہچان اور شہرت میں مزید نکھار آیا ہے۔

 انہوں نے مزید کہا کہ سپارکو خلائی تحقیق کے میدان میں گراں قدر خدمات انجام دے رہا ہے اور مختلف شعبوں کی کامیابیاں عالمی برادری میں ملک کی ساکھ مضبوط کر رہی ہیں۔

اس سے قبل وفاقی وزیرِ اطلاعات نے فیتہ کاٹ کر ’’کہکشاں مشن کنٹرول سینٹر‘‘ کا افتتاح کیا اور مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہیں مرکز کے مختلف شعبہ جات کی کارکردگی اور طریقہ کار پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں : خلائی تاریخ میں نیا باب:پاکستانی خلاباز محمد ذیشان علی کے لیے خصوصی حلال خوراک کا اہتمام، تصاویر جاری

مرکز میں خلا باز ذیشان علی کی تصاویر لگائی گئی ہیں اور سپارکو کا ایک خصوصی سٹال بھی لگایا گیا ہے۔ تقریب میں وزیراعظم کے میڈیا کوآرڈینیٹر بدر شہباز وڑائچ، وفاقی سیکریٹری اطلاعات و نشریات اشفاق احمد خلیل اور وزارتِ اطلاعات کے دیگر سینئر افسران بھی شریک تھے، جبکہ عطا اللہ تارڑ نے مرکز کے نوٹس بورڈ پر اپنا خصوصی پیغام بھی تحریر کیا۔

Scroll to Top