آڈیو پیغامات، بھتہ خوری، کوہاٹ تک زہر اور میڈیا کو دھمکیاں، کمیٹی صدر حضرت اللہ کے بدمعاش ٹولے اور دہشت گردوں کے گٹھ جوڑ کا کچا چٹھا کھل گیا

بنوں : امن کمیٹی کے نام پر سرگرم گروہ کا مکروہ، خطرناک اور غدارانہ چہرہ مکمل طور پر بے نقاب ہو چکا ہے؛ سامنے آنے والی آڈیو و ویڈیو گفتگو، عینی شاہدین کے بیانات اور زمینی حقائق نے ثابت کر دیا ہے کہ بنوں اور لکی مروت میں قائم یہ نام نہاد کمیٹیاں کوئی امن کمیٹی نہیں بلکہ دہشت گردی، بھتہ خوری اور کھلی بدمعاشی پر اتر آیا ایک ایسا ٹولہ ہے جس کے سرغنہ بنوں کے صدر حضرت اللہ کی دھمکیوں اور دہشت گردوں سے گٹھ جوڑ نے پورے خطے کے امن و قانون کو داؤ پر لگا دیا ہے، جبکہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت ان عناصر کو کچلنے کے بجائے کھلی سرپرستی اور پشت پناہی دیتی نظر آتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق کوئی ڈیڑھ سال قبل جب کچھ پولیس اہلکاروں نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں حصہ لینے سے انکار کیا تو بزدلی، کرپشن اور دہشت گردوں سے روابط کے الزامات پر ان کی نوکریاں ختم کر دی گئیں، جن میں زیادہ تر کانسٹیبل سطح کے اہلکار شامل تھے۔

ان فارغ شدہ اہلکاروں نے مظاہرے کیے جن میں پی ٹی آئی بھی شریک ہوئی، جس کے بعد بعض حاضر سروس اہلکاروں کو ساتھ ملا کر بنوں اور لکی مروت میں امن کمیٹی کے لبادے تلے نجی مسلح لشکر کھڑا کر لیا گیا۔

 ان عناصر نے افسرانِ بالا کے احکامات ماننے سے انکار کیا، سڑکیں بند کر کے برخاست شدہ اہلکاروں کو بحال کروایا اور اب سرکار سے تنخواہیں لینے، سرکاری وردی، اسلحہ اور گاڑیاں استعمال کرنے کے باوجود اپنی الگ متوازی سرکار چلا رہے ہیں جو نہ حکومت کے تابع ہے اور نہ ہی پولیس کے، جبکہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے قانون کا شکنجہ کسنے کے بجائے اس بدمعاش ٹولے کو مکمل سہارا دیا۔

یہ بھی پڑھیں : امن کمیٹی کے نام پر دہشت گردی اور بدمعاشی کا راج، بنوں بدمعاش کمیٹی کے صدر حضرت اللہ کی دھمکیوں اور دہشت گردوں سے گٹھ جوڑ کا مکروہ چہرہ بے نقاب

اب یہی نام نہاد کمیٹی اور دہشت گردی کا ٹولہ اپنا زہر اور اثر کوہاٹ سمیت دیگر علاقوں تک پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے اور وہاں بھی فورس کے اہلکاروں کو بغاوت کرنے اور اپنے لشکر میں شامل ہونے کی کھلی دعوت دے رہا ہے۔

 سڑکیں بند کرنے کے ساتھ ساتھ یہ ٹولہ اپنی من مانی سے قتل، اغوا، بھتہ خوری اور غنڈہ گردی میں ملوث ہو چکا ہے، اس میں عام شہریوں کو بھی شامل کیا جا رہا ہے، سرکاری وردیوں میں دھڑلے سے نان کسٹم گاڑیاں گھمائی جا رہی ہیں اور سب سے سنگین بات یہ کہ دہشت گرد عناصر ان پر حملے نہیں کرتے، جو دہشت گردوں کے ساتھ ان کے براہِ راست گٹھ جوڑ اور ایک پیج پر ہونے کا کھلا ثبوت ہے۔

پختونخوا پولیس کی ڈیڑھ لاکھ نفری امن اور وطن کے دفاع کے لیے روزانہ جانوں کے نذرانے پیش کر رہی ہے اور شہید ہو رہی ہے، مگر اس کے برعکس چند سو بزدل عناصر پر مشتمل یہ ٹولہ شہدا کی قربانیوں سے غداری کرتے ہوئے دہشت گردوں سے یاری نبھا رہا ہے اور اعلیٰ افسران کو اعلانیہ دھمکیاں دے رہا ہے۔

حالیہ دنوں میں اس بدمعاش اور دہشت گرد ٹولے کی سفاکیت مزید کھل کر سامنے آئی ہے جب دو پولیس اہلکاروں کو گھروں سے اٹھا کر شہید کیا گیا، ایک پولیس اہلکار کے معصوم بچے کو بھی شہید کر دیا گیا اور ایک ایس پی کو اغوا کرنے جیسی سنگین وارداتیں کی گئیں۔

دوسری جانب لیک ہونے والے آڈیو پیغامات نے اس ٹولے کا بھانڈا مزید پھوڑ دیا ہے جس میں بے گناہ شہریوں پر جھوٹے الزامات تھوپ کر پولیس کے نام پر بھاری رقوم بٹورنے، ماضی میں ماہانہ لاکھوں روپے لینے، حقائق اور تفتیش کو دبانے اور اپنے خلاف بولنے والے ہر مشر، ملا، وکیل، زمیندار یا جرگہ کرنے والے کو سبق سکھانے کی کھلی دھمکیاں سنائی دیتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : نان کسٹم گاڑیاں، بھتہ خوری اور دہشت گردوں سے رابطے، بنوں اور لکی مروت میں امن کمیٹی کے نام پر دہشت گردی کے ٹولے کا گھناؤنا چہرہ بے نقاب

جب میڈیا نے ان کے اس گھناؤنے گٹھ جوڑ، دہشت گردوں سے روابط اور غنڈہ گردی کا آئینہ دکھایا تو بنوں امن کمیٹی کے صدر حضرت اللہ بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئے اور میڈیا کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے لگے، جبکہ گفتگو میں سہولت کاروں، حقائق چھپانے اور الزامات کا رخ موڑنے کی باتیں بھی واضح طور پر سامنے آئیں۔

سیکیورٹی، قانون اور عوامی حلقوں میں اس صورتحال پر شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ ریاست کے اندر ریاست قائم کرنے، دہشت گردوں سے گٹھ جوڑ رکھنے، شہدا کے لہو کا سودا کرنے اور سچ دکھانے والے میڈیا کو دھمکیاں دینے کی یہ کھلی بدمعاشی کسی صورت برداشت نہیں کی جا سکتی۔

 عوامی اور متاثرہ حلقوں نے وفاقی و صوبائی اداروں اور اعلیٰ حکام سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ بنوں امن کمیٹی کے صدر حضرت اللہ اور اس بدمعاش و دہشت گرد ٹولے کی تنخواہیں فی الفور بند کی جائیں، سرکاری اسلحہ، وردی اور گاڑیاں واپس لی جائیں، آڈیو پیغامات اور دہشت گردوں سے رابطوں کی سخت ترین تحقیقات کر کے اس ٹولے کو جڑ سے اکھاڑا جائے اور ریاست کی رٹ بحال کرتے ہوئے قانون توڑنے والوں کو عبرت کا نشان بنایا جائے۔

Scroll to Top