پشاور: جمعیت علماء اسلام کے سربراہ فضل الرحمان کی جانب سے سرگودھا کانفرنس کے حوالے سے راستے بند ہونے، کنٹینرز لگانے اور گرفتاریوں کے دعوؤں کے بعد ملک گیر احتجاج اور شاہراہیں بند کرنے کی کال دی گئی، تاہم خیبرپختونخوا سمیت ملک کے تمام اضلاع میں سڑکیں کھلی رہیں، کاروبار اور بازار معمول کے مطابق جاری رہے اور احتجاج کی یہ اپیل عملی طور پر بے اثر دکھائی دی۔
انہوں نے سرگودھا، خوشاب اور دیگر علاقوں میں گرفتاریوں و نظر بندی کا الزام عائد کرتے ہوئے ملک بھر کے عوام، کارکنوں اور تمام صوبوں سے سڑکوں پر نکلنے، ہائی ویز اور موٹرویز بند کرنے کا اعلان کیا تھا، تاہم زمینی حقائق کے مطابق کہیں بھی پولیس نے کنٹینرز نہیں رکھے اور نہ ہی کوئی راستے بند کیے گئے، بلکہ خود فضل الرحمان کی احتجاجی کال کا جنازہ نکل گیا کیونکہ نہ ان کے اپنے کارکن نکلے اور نہ ہی نام نہاد و ناجائز مدرسوں کے مہتمین میدان میں آئے۔
زمینی حقائق نے اس احتجاجی کال کے دعوؤں کا عکس پیش کیا۔ لاہور، پشاور اور خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں اہم شاہراہوں اور سڑکوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رہی، دکانیں اور بازار کھلے رہے اور شہری اپنے روزمرہ کاروبار و معمولات میں مصروف نظر آئے۔ ملک گیر سڑک بندش اور بڑے پیمانے پر احتجاج کی اپیل کے باوجود ان علاقوں میں وہ فضا نظر نہیں آئی جس کا دعویٰ کیا گیا تھا۔
عوامی ردعمل، اثاثوں کی بحث اور علما کا مؤقف
خیبرپختونخوا کے مختلف حلقوں اور شہریوں کا کہنا ہے کہ احتجاج کی یہ کال اپنی ذاتی جائیدادوں، اثاثوں اور مفتی محمود مرکز سے متعلق قبضے کے معاملات سے عوامی توجہ ہٹانے کی کوشش تھی، تاہم یہ حربہ بھی کارگر ثابت نہ ہو سکا۔
دوسری جانب بعض علما کرام اور دینی حلقوں نے بھی اس احتجاجی حکمت عملی سے لاتعلقی اور ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیشہ غریب اور مدرسے کے بچوں کو احتجاجی سیاست اور مظاہروں کی صف اول میں لا کر استعمال کیا جاتا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : آئرلینڈ کرکٹ ٹیم پہلی بار پاکستان آنے کو تیار، قذافی اسٹیڈیم میں 6 میچز کا شیڈول جاری
لیکن اس بار دینی حلقوں اور مدارس نے اس کال کو مسترد کر دیا۔ ناقدین کے مطابق مذہبی لبادے اور عنوان تلے سیاسی دباؤ بڑھانے کی کوشش اب پہلے جیسا اثر نہیں رکھتی۔





