لاہور: آئرلینڈ کی مینز کرکٹ ٹیم آئندہ برس جنوری میں پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کرے گی، جہاں دونوں ملکوں کے درمیان تین ایک روزہ انٹرنیشنل (ون ڈے) میچز پر مشتمل سیریز کھیلی جائے گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے مہمان ٹیم کے پہلے تاریخی دورہ پاکستان کا باضابطہ شیڈول جاری کر دیا ہے۔
پی سی بی کے اعلامیے کے مطابق آئرلینڈ کی مینز کرکٹ ٹیم 9 جنوری کو لاہور پہنچے گی۔ دورے کا آغاز شاہینز کے خلاف تین میچز سے ہوگا، جس کے بعد پاکستان قومی ٹیم اور آئرلینڈ کے درمیان ون ڈے سیریز کھیلی جائے گی۔ دورے کے تمام چھ میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ڈے میچز کے طور پر کھیلے جائیں گے، جبکہ میچز کے اوقات کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
شیڈول کے مطابق آئرلینڈ اور شاہینز کے درمیان پہلا میچ 13 جنوری، دوسرا 15 جنوری جبکہ تیسرا میچ 17 جنوری کو کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد آئرلینڈ اور پاکستان قومی ٹیم کے درمیان ون ڈے سیریز کا آغاز 20 جنوری سے ہوگا، جس کا دوسرا میچ 22 جنوری اور تیسرا و آخری ون ڈے 24 جنوری کو طے ہے۔
کرکٹ آئرلینڈ کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس گریم ویسٹ نے پاکستان کے دورے کو اپنی ٹیم کی تیاریوں کے لیے انتہائی اہم قرار دیا ہے۔ ان کے مطابق آئرلینڈ کی ون ڈے ٹیم فروری 2027 میں ہونے والے آئی سی سی ورلڈ کپ کوالیفائر میں شرکت سے قبل پاکستان کے خلاف چھ 50 اوورز کے میچز کھیلے گی، جس سے کھلاڑیوں کو بھرپور تیاری کا موقع ملے گا۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا پولیس کو جدید اینٹی ڈرون نظام اور آلات کی فوری فراہمی شروع، تنخواہوں اور شہدا پیکیج میں اضافے پر جلد پیشرفت ہوگی، گورنر فیصل کریم کنڈی
گریم ویسٹ کا کہنا تھا کہ دونوں کرکٹ بورڈز نے ابتدا میں ملٹی فارمیٹ سیریز کھیلنے کا منصوبہ بنایا تھا، تاہم آئندہ ورلڈ کپ اور کوالیفائر کی تیاریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے صرف 50 اوورز کے میچز کھیلنے پر اتفاق کیا گیا۔
انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ اور کھلاڑیوں کے ساتھ آئرلینڈ کے دیرینہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ تاریخی دورہ مستقبل میں دونوں ملکوں کے درمیان مزید کرکٹ سیریز کا آغاز ثابت ہوگا۔
پاکستان اور آئرلینڈ کی مینز ٹیمیں اب تک سات ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیل چکی ہیں، جن میں پاکستان نے پانچ میچز جیتے، آئرلینڈ نے ایک میچ میں کامیابی حاصل کی اور ایک مقابلہ برابر رہا۔
واضح رہے کہ آئرلینڈ کی مینز کرکٹ ٹیم پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کر رہی ہے، تاہم آئرلینڈ کی خواتین کرکٹ ٹیم 2022 میں پاکستان کا دورہ کر چکی ہے اور اس دوران آئرلینڈ نے ٹی ٹوئنٹی سیریز اپنے نام کی تھی۔
دوسری جانب پاکستان نے گزشتہ ماہ شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں راولپنڈی اور لاہور میں کھیلی گئی ون ڈے انٹرنیشنل سہ ملکی سیریز جیتی تھی، جس میں انگلینڈ اور سری لنکا بھی شریک تھے اور پاکستان نے فائنل میں سری لنکا کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔





