خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی احتجاجی کال کو خاطر خواہ عوامی پذیرائی حاصل نہ ہو سکی جبکہ مظاہروں کے دوران درجنوں کارکنوں کی جانب سے ازخود گرفتاریاں دیے جانے کے بعد صوبے کی تمام اہم موٹرویز اور شاہراہیں ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق کرک، ملاکنڈ اور صوابی میں منعقد ہونے والے احتجاجی مظاہروں میں کارکنوں کی تعداد توقعات سے کہیں کم رہی اور عام شہریوں نے احتجاج سے مکمل لاتعلقی اختیار کی۔
ملاکنڈ کے آلہ ڈھنڈ ڈھیری انٹرچینج پر جے یو آئی کا احتجاج کوئی خاص اثر نہ دکھا سکا، جہاں مظاہرے میں شریک درجنوں کارکنوں نے خود ہی گرفتاریاں پیش کر دیں۔ کارکنوں کی گرفتاریوں اور منتشر ہونے کے بعد سوات موٹروے کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔
اسی طرح صوابی میں بھی جماعت کی احتجاجی مہم کو محدود حاضری کا سامنا رہا، جہاں انبار انٹرچینج پر کارکنوں کی کم تعداد کو دیکھتے ہوئے مقامی قیادت نے احتجاج ختم کرنے کا اعلان کر دیا، جس کے نتیجے میں ایم ون موٹروے (M-1)، انبار ٹول پلازہ اور جی ٹی روڈ پر ٹریفک کی روانی معمول کے مطابق جاری رہی۔
ٹریفک حکام کی تصدیق کے مطابق سوات موٹروے، ہزارہ موٹروے اور ایم ون موٹروے ہر قسم کی چھوٹی اور بڑی گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے مکمل طور پر کھلی ہیں اور مسافروں کو کسی رکاوٹ کا سامنا نہیں ہے۔
دوسری جانب ضلع کرک میں بھی عوامی شرکت نہ ہونے کے برابر دیکھی گئی، تاہم چند کارکنوں نے انڈس ہائی وے کو عارضی طور پر بند کیا جس سے مسافروں اور مال بردار گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو مشکلات پیش آئیں۔
سیاسی مبصرین کے مطابق تینوں اضلاع میں کمزور حاضری، درجنوں کارکنوں کی ازخود گرفتاریوں اور تمام بڑی موٹرویز پر ٹریفک کی بحالی نے بڑی احتجاجی تحریک کھڑی کرنے کی کوششوں کو غیر مؤثر بنا دیا ہے جبکہ شاہراہیں بند کر کے شہریوں کی آمدورفت متاثر کرنے کی حکمت عملی عوامی حمایت حاصل کرنے میں ناکام رہی۔





