خوشیاں لمحوں میں ماتم میں بدل گئیں،خوفناک ٹریفک حادثات:6 معصوم بچوں اور2 خواتین سمیت 13 افراد جاں بحق!

پنجاب کی شاہراہوں پر تیز رفتاری اور غفلت نے ایک بار پھر قیامت صغریٰ برپا کر دی ہے جہاں دو الگ الگ المناک ٹریفک حادثات میں 6 معصوم بچوں اور 2 خواتین سمیت مجموعی طور پر 13 قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو گئیں جبکہ 3 افراد شدید زخمی ہو گئے۔ 

کمالیہ میں رجانہ روڈ پر کار اور ٹریکٹر ٹرالی کے خوفناک تصادم کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 11 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جس سے پورے علاقے میں کہرام مچ گیا اور ہر آنکھ اشکبار ہو گئی جبکہ دوسری جانب فیصل آباد روڈ بائی پاس پر تیز رفتار کار ڈیوائیڈر سے ٹکرا کر الٹ جانے سے 2 نوجوان زندگی کی بازی ہار گئے۔

کمالیہ میں رجانہ روڈ پر پیش آنے والے انتہائی دلخراش ٹریفک حادثے میں کار اور ٹریکٹر ٹرالی کے درمیان شدید تصادم کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 11 افراد جاں بحق ہو گئے، جس نے پورے علاقے کو سوگوار کر دیا ہے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ اس قدر شدید تھا کہ کار مکمل طور پر تباہ ہو گئی اور اس میں سوار افراد کو شدید چوٹیں آئیں۔

ریسکیو اہلکاروں نے اطلاع ملتے ہی فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور گاڑی سے لاشوں کو نکالا۔

ریسکیو حکام نے تصدیق کی ہے کہ جاں بحق ہونے والے بدقسمت خاندان کے 11 افراد میں 6 معصوم بچے، 2 خواتین اور 3 مرد شامل ہیں۔

علاوہ ازیں ٹریفک حادثے کا ایک اور المناک واقعہ فیصل آباد روڈ بائی پاس پر پیش آیا جہاں ایک تیز رفتار کار بے قابو ہو کر سڑک کے درمیان بنے ڈیوائیڈر سے زوردار طریقے سے ٹکرا کر الٹ گئی۔

اس خوفناک حادثے کے نتیجے میں کار میں سوار 2 نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ 3 افراد شدید زخمی ہوئے جنہیں ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد قریبی ہسپتال منتقل کر دیا جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : قومی شاہراہیں بند کرانے کا پلان فلاپ:فضل الرحمان کی ملک گیر احتجاج کی کال ہر خاص و عام نے مکمل طور پر مسترد کردی

ملک کے سماجی مبصرین، ٹریفک ماہرین اور شہری حلقوں نے ان دلخراش حادثات پر گہرے رنج و غم اور متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شاہراہوں پر تیز رفتاری، بے احتیاطی اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی انسانی جانوں کے ضیاع کی سب سے بڑی وجہ بن چکی ہے۔

شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ موٹروے اور ہائی ویز پر ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور بغیر لائٹس یا غیر محفوظ ٹریکٹر ٹرالیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے ہولناک سانحات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔

Scroll to Top