پنجاب اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں کو شدید دھند کی سفید چادر نے اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے جس کے باعث حدِ نگاہ انتہائی کم ہونے پر موٹروے پولیس نے مسافروں کی قیمتی جانوں کے تحفظ کے لیے فوری اقدام اٹھاتے ہوئے موٹروے ایم ون اور موٹروے ایم 4 کے اہم سیکشنز پر ٹریفک کا داخلہ ممنوع قرار دے دیا ہے۔
پشاور سے رشکئی اور فیصل آباد سے پنڈی بھٹیاں تک موٹرویز کی بندش کے ساتھ ساتھ قومی شاہراہوں پر بھی شدید دھند کے باعث ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی ہے جبکہ ترجمان موٹروے پولیس نے ہنگامی ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے دوٹوک الفاظ میں خبردار کیا ہے کہ موٹرویز کی بندش عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے کی گئی ہے اس لیے شہری دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے مکمل گریز کریں۔
پنجاب اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں شدید دھند کے ڈیرے ہونے کے باعث حدِ نگاہ خطرناک حد تک کم ہو گئی ہے جس کے پیش نظر موٹروے پولیس نے ممکنہ حادثات کی روک تھام کے لیے موٹروے ایم ون (M-1) کو پشاور سے رشکئی تک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا ہے۔
موٹروے پولیس حکام کے مطابق پنجاب کے میدانی علاقوں میں بھی دھند کی شدت میں اضافے کے باعث موٹروے ایم 4 (M-4) پر فیصل آباد سے پنڈی بھٹیاں تک ٹریفک کا داخلہ مکمل طور پر ممنوع قرار دے دیا گیا ہے جبکہ انٹرچینجز پر موٹروے پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے تاکہ شہریوں کو بروقت آگاہ کیا جا سکے۔
دوسری جانب جی ٹی روڈ سمیت دیگر اہم قومی شاہراہوں پر بھی گہری دھند کے باعث حدِ نگاہ انتہائی کم ہو گئی ہے جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہو رہی ہے اور گاڑیوں کی رفتار انتہائی سست پڑ گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : جعلی ادویات بیچنے والے مافیا کی اب خیر نہیں! اب آپ کا موبائل اصلی اور نقلی دوا کی پہچان کرے گا!
ترجمان موٹروے پولیس نے اس حوالے سے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ موٹرویز کی بندش خالصتاً عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے کی گئی ہے کیونکہ شدید دھند میں تیز رفتاری یا کم حدِ نگاہ جان لیوا حادثات کا سبب بن سکتی ہے۔
ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ دھند کے اوقات میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں، انتہائی مجبوری کی صورت میں دن کے اوقات میں سفر کو ترجیح دیں اور دورانِ ڈرائیونگ فوگ لائٹس کا استعمال یقینی بنائیں۔





