گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے تصدیق کی ہے کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اسلام آباد میں کسی اور شخص کا مکان اپنی رہائش کے لیے استعمال کرتے تھے جسے اب خالی کروا لیا گیا ہے۔
ڈیرہ اسماعیل خان کے چشمہ گیسٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ اسلام آباد میں جو گھر مولانا فضل الرحمان کے زیر استعمال رہتا تھا، اسے خالی کروا لیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ مکان کسی اور شخص کے نام پر رجسٹرڈ تھا جو افغان شہری ہے اور اس کا شناختی کارڈ بھی بلاک ہے۔
سیاسی امور پر بات کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری جب لاہور آتے ہیں تو سیاسی شخصیات سے ضرور ملاقاتیں کرتے ہیں جبکہ نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے پارلیمنٹ کا فورم موجود ہے۔
دہشت گردی کی صورتحال اور صوبائی معاملات پر تبصرہ کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا نے الزام عائد کیا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی صوبائی حکومت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ساتھ نہیں دے رہی تھی۔
یہ بھی پڑھیں : مداحوں کیلئے بری خبر: نسیم شاہ اچانک آئی ایل ٹی 20 سے باہر ہو گئے، وجہ کیا بنی؟
ان کے بقول صوبائی حکومت کے نمائندے بند کمروں میں کچھ اور بات کرتے تھے جبکہ باہر جا کر یہ موقف اپناتے تھے کہ یہ ہماری جنگ نہیں ہے۔ فیصل کریم کنڈی نے امید ظاہر کی کہ ملک سے دہشت گردی کا جلد خاتمہ ہونے والا ہے۔





