مداحوں کیلئے بری خبر: نسیم شاہ اچانک آئی ایل ٹی 20 سے باہر ہو گئے، وجہ کیا بنی؟

 قومی کرکٹ ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ گھٹنے کی انجری کے باعث انٹرنیشنل لیگ ٹی 20 (آئی ایل ٹی 20) کے بقیہ مقابلوں سے باہر ہو گئے ہیں۔ 

دفاعی چیمپئن ڈیزرٹ وائپرز کے کپتان شاداب خان نے ان کی ٹورنامنٹ سے علیحدگی کی باضابطہ تصدیق کر دی ہے۔

ابوظہبی کے شیخ زاید کرکٹ اسٹیڈیم میں ڈیزرٹ وائپرز اور ایم آئی ایمریٹس کے درمیان لیگ میچ کے ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شاداب خان نے بتایا کہ نسیم شاہ مکمل فٹنس حاصل نہیں کر سکے ہیں اور اب وہ ایونٹ کے باقی میچوں کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔ ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کرنے کے بعد کپتان کا کہنا تھا کہ نسیم شاہ کا پورے ٹورنامنٹ سے باہر ہو جانا فرنچائز کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔

واضح رہے کہ 23 سالہ فاسٹ بولر کو گزشتہ پیر کے روز شارجہ واریئرز کے خلاف کھیلے گئے میچ میں اس وقت انجری کا سامنا کرنا پڑا تھا جب ان کی ٹیم نے 6 وکٹوں سے فتح سمیٹی تھی۔ واقعہ شارجہ واریئرز کی اننگز کے 14ویں اوور کی پانچویں گیند پر پیش آیا، جہاں نسیم شاہ نے ایک بہترین یارکر کے ذریعے پال والٹر کو کلین بولڈ تو کر دیا، لیکن گیند پھینکنے کے فوراً بعد فالو تھرو میں توازن برقرار نہ رکھ سکے اور لڑکھڑا کر زمین پر گر پڑے۔

اس موقع پر میدان میں طبی عملے نے انہیں فوری امداد فراہم کی اور ان کے بائیں گھٹنے پر بھاری پٹی باندھی گئی، تاہم کچھ دیر آرام کے باوجود تکلیف برقرار رہنے پر وہ لنگڑاتے ہوئے میدان چھوڑنے پر مجبور ہو گئے۔ اسی انجری کے سبب وہ دبئی کیپیٹلز کے خلاف ڈیزرٹ وائپرز کے تیسرے میچ میں بھی ایکشن میں دکھائی نہیں دیے تھے۔

یہ بھی پڑھیں : فضل الرحمان انتشار کا دوسرا نام :کاغذات دکھانے کے بجائے دروازے بند، قانون کا راستہ روکنے کا تماشہ: رہائش گاہ پر چھپانے کے لیے آخر کیا تھا؟ کڑے سوالات اٹھ گئے

نسیم شاہ رواں سیزن میں ڈیزرٹ وائپرز کی نمائندگی کرتے ہوئے محض دو میچز ہی کھیل سکے، جن میں انہوں نے 18.33 کی اوسط اور 8.04 کے اکانومی ریٹ کے ساتھ تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اگرچہ فرنچائز انتظامیہ نے ابھی تک ان کی انجری کی حتمی نوعیت یا میدان میں واپسی کے وقت کے حوالے سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا، تاہم اس صورتحال نے قومی کرکٹ ٹیم کے آئندہ اہم انٹرنیشنل میچوں میں ان کی شمولیت پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔

Scroll to Top