خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں امن کے قیام کے نام پر قائم کی گئی بنوں پولیس امن کمیٹی کے مبینہ غیر قانونی اقدامات، شہریوں کو اٹھانے اور تشدد کے واقعات نے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔ تازہ واقعے میں سردی خیل (تھانہ بکا خیل) کے رہائشی میر داد خان کے بیٹے صمد خان کے اغوا اور دو ہفتے گزرنے کے باوجود عدم بازیابی پر متاثرہ خاندان نے اعلیٰ حکام سے مدد کی دہائی دی ہے۔
28 نومبرکو جاری کیے گئے ایک ویڈیو پیغام میں لاپتہ نوجوان صمد خان کے چچا نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ دو ہفتے گزرنے کے باوجود ان کے بھتیجے کا کوئی اتا پتا نہیں چل سکا، جس کی وجہ سے پورا خاندان شدید ذہنی اذیت اور کرب میں مبتلا ہے۔ انہوں نے خوف اور مجبوری کے عالم میں کسی کا نام لیے بغیر اپیل کی کہ صمد خان جس کسی کے پاس بھی ہے، اسے فی الفور رہا کیا جائے۔
ذرائع کے مطابق نوجوان صمد خان کو تقریباً دو ہفتے قبل بنوں کے علاقے شہباز عظمت خیل سے مبینہ طور پر بنوں پولیس امن کمیٹی نے ہی اغوا کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق اغوا کے وقت صمد خان کے ہمراہ ڈی ایس پی ریاض خٹک کے گن مین ہیڈ کانسٹیبل جاوید خان بھی موجود تھے جنہیں امن کمیٹی کے مبینہ عقوبت خانے میں لے جایا گیا اور 18 نومبر کو تھانہ ٹاؤن شپ کی حدود کاروان خڑ سے ان کی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی۔
ہیڈ کانسٹیبل جاوید خان کےقتل اور اس حوالے سے سامنے آنے والی مبینہ آڈیو لیک نےبنوں امن کمیٹی کے اصل چہرے کو بے نقاب کر دیا ہےجس میں محض ایک پستول کی خاطر ایک اہلکار کو مبینہ طور پر موت کے گھاٹ اتارنے کا اعتراف سنا گیا۔





