فضل الرحمان کے زیر استعمال غیر ملکی شہری کی جائیداد سیل، اسجد محمود کی گرفتاری اور اہلِ خانہ سے بدتمیزی کے دعوے بے بنیاد نکلے،اندرونی کہانی سامنے آگئی

وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر جی سکس فورمیں مکان سیل کیے جانے کے معاملے پر باوثوق پولیس ذرائع نے کارروائی کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے صاحبزادے اسجد محمود کی گرفتاری اور اہلِ خانہ سے مبینہ بدتمیزی کی خبروں کو مسترد کر دیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق امان اللہ نامی شخص کی غیر ملکی شہریت کی تصدیق ہونے کے بعد حکومت نے فارنرز ایکٹ 1946 کے تحت ان کی تمام جائیدادیں، جن میں گلبرگ گرینز کا مکان نمبر 318 اور سیکٹر G-6/4 کی اسٹریٹ 83 میں واقع 1200 مربع گز کا مکان نمبر 7 شامل ہے، کو سیل کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سرکاری احکامات کی تعمیل میں پولیس اور متعلقہ اداروں کی ٹیم، جس میں خواتین پولیس اہلکار بھی شامل تھیں، نے سیکٹر G-6/4 کے مکان نمبر 7 پر قانونی کارروائی کی۔ ٹیم نے ضابطے کے مطابق مکینوں کو آگاہ کیا تو علم ہوا کہ امان اللہ کے نام پر رجسٹرڈ اس گھر میں مولانا فضل الرحمان کے صاحبزادے اور اہلِ خانہ مقیم ہیں۔ مکینوں کو سرکاری احکامات سے آگاہ کیا گیا جس پر انہوں نے سامان سمیٹنے کے لیے چند گھنٹوں کی مہلت طلب کی، جو حکام کی جانب سے فراہم کر دی گئی۔

پولیس ذرائع کے مطابق خواتین اہلکاروں کی موجودگی اور نگرانی میں اہلِ خانہ نے اپنا تمام سامان پیک کر کے 3 گاڑیوں میں منتقل کیا اور باعزت طریقے سے گھر سے روانہ ہو گئے۔

تاہم ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ اہلِ خانہ کی باعزت روانگی کے بعد مولانا فضل الرحمان کے صاحبزادے اسجد محمود اور داماد نے گھر کے باہر احتجاج کرتے ہوئے مبینہ طور پر ہنگامہ آرائی کی اور پولیس کو گرفتاری دینے پر اصرار کرتے رہے۔ شور شرابہ سن کر اہلِ علاقہ بھی موقع پر جمع ہو گئے۔

 پولیس ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر جمع ہونے والے انہی مقامی شہریوں کی تصاویر کو مبینہ طور پر مولانا فضل الرحمان کے اہلِ خانہ سے منسوب کر کے شیئر کیا جا رہا ہے، حالانکہ اہلِ خانہ اس واقعے سے کافی دیر قبل ہی وہاں سے رخصت ہو چکے تھے۔

پولیس ذرائع کے مطابق تمام تر صورتحال کے باوجود سرکاری اہلکاروں نے مکمل پیشہ ورانہ انداز میں قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے مذکورہ مکان کو سیل کر دیا ہے اور کارروائی کے دوران کسی قسم کی بدتمیزی یا گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

Scroll to Top