جنوبی افریقی فاسٹ بولر رباڈا نے آئی پی ایل چھوڑنے کی وجہ بتا دی

جنوبی افریقی فاسٹ بولر کاگیسو رباڈا نے بھارتی پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2025 سے اچانک واپسی کا فیصلہ کیا ہے۔ گجرات ٹائٹنز کی نمائندگی کرنے والے رباڈا 2 میچز کھیلنے کے بعد ذاتی وجوہات کی بنا پر جنوبی افریقا واپس روانہ ہوگئے ہیں۔

گجرات ٹائٹنز نے رباڈا کو آئی پی ایل 2025 کی میگا نیلامی میں 10 کروڑ 75 لاکھ بھارتی روپے میں خریدا تھا۔ فرنچائز نے جمعرات کو باضابطہ طور پر رباڈا کے آئی پی ایل چھوڑنے اور وطن واپس جانے کا اعلان کیا۔

گجرات ٹائٹنز کے بیان میں کہا گیا کہ رباڈا آئی پی ایل کے جاری سیزن سے ذاتی وجوہات کی بنا پر واپس جنوبی افریقا چلے گئے ہیں۔ وہ گجرات ٹائٹنز کے پہلے دو میچز کا حصہ تھے، لیکن اب وہ ایک اہم ذاتی معاملے کو حل کرنے کے لیے وطن واپس لوٹ گئے ہیں۔

فرنچائز نے رباڈا کی اچانک روانگی کے حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں اور نہ ہی ان کی ممکنہ واپسی کے بارے میں کوئی اطلاع دی۔ رباڈا نے آئی پی ایل 2025 میں گجرات ٹائٹنز کی جانب سے اپنا ڈیبیو میچ پنجاب کنگز کے خلاف کھیلا، جہاں انہوں نے 4 اوورز میں 41 رنز دے کر 1 وکٹ حاصل کی۔ اس کے بعد انہوں نے ممبئی انڈینز کے خلاف 42 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔

یاد رہے کہ رباڈا نے 2017 میں آئی پی ایل میں ڈیبیو کیا تھا اور وہ دہلی کیپیٹلز اور پنجاب کنگز کے لیے کھیل چکے ہیں۔ اس کے علاوہ رباڈا نے آئی پی ایل کے 82 میچز میں 119 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں انضمام الحق کا آئی پی ایل کی اجارہ داری پر تنقید،کہا کہ کرکٹ بورڈز کو متحد ہونے کی ضرورت

رباڈا کی اچانک واپسی آئی پی ایل کے فینز اور کرکٹ کمیونٹی کے لیے حیران کن ہے، اور اس کی ذاتی وجوہات کی بنا پر واپسی پر مزید قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔

Scroll to Top