اسلام آباد: ملک کے مختلف علاقوں میں گرمی کی لہر برقرار ہے، جبکہ محکمہ موسمیات نے لاہور سمیت بعض شہروں میں بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کی ہے۔
دوسری جانب نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے شدید موسمی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
کراچی میں گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا جہاں درجہ حرارت 37.5 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد میں آئندہ ہفتے کے دوران گرمی کی شدت میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
سندھ کا شہر سکھر ملک کا گرم ترین مقام رہا جہاں درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا۔
جبکہ لاہور میں درجہ حرارت 41 ڈگری، اور اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، اور کوئٹہ میں 36 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
لاہور کے شہریوں کے لیے خوشخبری یہ ہے کہ آج اور کل شہر میں بادل برسنے کا امکان ہے، جس سے درجہ حرارت میں وقتی کمی آسکتی ہے۔
ادھر نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے ملک کے شمالی اور وسطی علاقوں میں شدید موسم کے خدشے کے پیش نظر وارننگ جاری کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں عوام تیاری کرلیں !خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بارش کا امکان ،محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کردی
محکمہ موسمیات اور ایمرجنسی اداروں نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ ممکنہ بارش اور ژالہ باری سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کو یقینی بنایا جائے، جبکہ شہریوں کو بھی احتیاط برتنے کی ہدایت دی گئی ہے۔





