اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سینیٹر افنان اللہ خان نے کہا ہے کہ پاکستان کے دفاع کے لیے پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے
ہر سطح پر بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہے۔ ان کا یہ بیان سینیٹ میں بھارت کے خلاف متفقہ قرارداد کی منظوری کے بعد سامنے آیا۔
افنان اللہ نے کہا کہ بھارت پاکستان، کینیڈا اور دیگر ممالک میں دہشت گردی کو ایکسپورٹ کر رہا ہے، لیکن اگر بھارت یہ سمجھتا ہے کہ وہ آگ لگا کر خود سکون سے بیٹھا رہے گا تو یہ اس کی بھول ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بھارت نے مزید اشتعال انگیزی کی تو خطے میں امن کو شدید خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : بھارتی فوج جعلی انکاؤنٹرزکا سلسلہ جاری، مقبوضہ کشمیر میں ایک اور معصوم کشمیری شہید
سینیٹر نے مزید کہا کہ ضرورت پڑی تو آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے گی کیونکہ وطن کے دفاع کے لیے پوری قوم متحد ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آج سینیٹ اجلاس میں اتفاق رائے کے لیے ڈیڑھ گھنٹے کا وقفہ لیا گیا جس کے بعد متفقہ قرارداد منظور کی گئی۔
افنان اللہ خان نے کہا کہ پاکستان کی قیادت ایسے لوگوں کے ہاتھ میں ہے جو ملکی دفاع کرنا جانتے ہیں۔ انہوں نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ماضی میں بھی انہوں نے ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان کا دفاع مضبوط کیا اور یہی وجہ ہے کہ وہ آج دوبارہ ملک واپس آئے ہیں۔





