اسلام آباد: ماہر قانون حافظ احسان احمد نے کہا ہے کہ کشمیری اپنی آزادی کی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں، اور بھارت مقبوضہ کشمیر میں 7 لاکھ سے زائد فوج تعینات کیے ہوئے ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے حالیہ دنوں میں فالس فلیگ آپریشن کیا ہے تاکہ اپنے بیانیے کو تقویت دے سکے اور عالمی سطح پر پاکستان کے خلاف منفی ماحول بنایا جا سکے۔
حافظ احسان احمد نے بھارت کے اس اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت ایک منافق ملک ہے، جو مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے واقعات کو اپنی انٹیلی جنس کی ناکامی قرار دیتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت اس قسم کے واقعات اس وقت کرواتا ہے جب بھی کوئی غیر ملکی شخصیت بھارت کا دورہ کرتی ہے تاکہ پاکستان کے خلاف عالمی رائے سازی کی جا سکے۔
انہوں نے واضح کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی حکومت اور فوج کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبا نہیں سکی، اور بھارت کی یہ سازشیں کشمیری عوام کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتیں۔
یہ بھی پڑھیں : اسرائیل اور بھارت کا گٹھ جوڑ پرانا ہے، پانی روکا گیا تو جنگی اقدام تصور ہو گا: بریگیڈیئر (ر) مسعود احمد خان
حافظ احسان احمد کا کہنا تھا کہ پاکستان کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا اور بین الاقوامی سطح پر بھارت کے جابرانہ اقدامات کو بے نقاب کرتا رہے گا۔
کشمیر کے مسئلے پر ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت کے فالس فلیگ آپریشنز اور اس کے بڑھتے ہوئے اشتعال انگیز اقدامات سے خطے میں امن کی فضا کو شدید خطرات لاحق ہیں۔





