پاکستانی قوم انتشار کا شکار، عمران خان امید کی آخری کرن ہیں،عمر ایوب

پاکستانی قوم انتشار کا شکار، عمران خان امید کی آخری کرن ہیں،عمر ایوب

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ قوم تقسیم کا شکار، صرف عمران خان ہی ملک کو متحد کر سکتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے اس وقت پاکستانی قوم تقسیم کا شکار ہے اور صرف بانی پی ٹی آئی عمران خان ہی وہ واحد شخصیت ہیں جو ملک کو متحد کر سکتی ہیں۔عدالت میں مقدمات کی سماعت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے انکشاف کیا کہ ان کے خلاف حکومت کی جانب سے مزید 25 نئے مقدمات قائم کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتقامی کارروائیاں پی ٹی آئی قیادت اور کارکنوں کو دبانے کی ناکام کوششیں ہیں۔

پاک بھارت کشیدگی پر تبصرہ کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ ہندوستان میں مودی سرکار نے پاکستان کے خلاف جنگ کا اعلان کر دیا ہے۔ بھارت نے سندھ طاس معاہدے کو ختم کرنے کا قدم اٹھایا ہے، جو کہ نہرو اور ایوب خان کے درمیان طے پایا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے سرحدوں پر اپنے فوجی اڈے قائم کر کے جارحیت میں اضافہ کر دیا ہے۔

ملکی سیاست پر بات کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ عوام وزیراعظم شہباز شریف اور آصف زرداری کے ساتھ نہیں بلکہ عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے برطانیہ کی دوسری جنگ عظیم کے بعد کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ اُس وقت کے وزیر اعظم نے ملکی مفاد میں عہدہ چھوڑ دیا تھا، آج بھی ضرورت ہے کہ موجودہ حکمران مستعفی ہوں اور عمران خان کو قیادت سونپ دی جائے۔

عمر ایوب نے مزید کہا کہ 8 جولائی 2024 کی بریفنگ میں انکشاف ہوا کہ پاکستان کا پانی فروخت کیا جا رہا ہے اور 500 ارب روپے کا پیٹرول اسمگل کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلح افواج کو عوام کے جذبات کا احترام کرتے ہوئے قوم کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے، کیونکہ پوری قوم جانتی ہے کہ وہ کس کے ساتھ کھڑی ہے۔

آخر میں عمر ایوب نے زور دے کر کہا کہ ملک اس وقت تاریخ کے نازک ترین دور سے گزر رہا ہے، قوم بدقسمتی سے تقسیم کا شکار ہے اور صرف عمران خان ہی ہیں جو پاکستان کو پھر سے متحد کر سکتے ہیں۔

Scroll to Top