پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی باوقار تقریب کا انعقاد ، وزیراعظم مہمان خصوصی اور جنرل سید عاصم منیر گیسٹ آف آنر کے طور پر شریک ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق تقریب کا آغاز وزیراعظم کی آمد کے اعلان کے ساتھ بگل بجا کر کیا گیا، جس کے بعد وزیراعظم نے پریڈ کا معائنہ بھی کیا۔تقریب میں وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر اطلاعات عطا تارڑ، اعلیٰ سول و عسکری حکام اور متعدد غیر ملکی سفارت کار بھی موجود تھے۔ کیڈٹس نے پاکستان ملٹری اکیڈمی کے بینڈ کی دھن پر قومی ترانہ پڑھا اور زبردست انداز میں مارچ پاسٹ کیا۔پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس میں بنگلہ دیش، عراق، نیپال اور قطر سے تعلق رکھنے والے 13 غیر ملکی کیڈٹس بھی شامل تھے، جس سے تقریب کا عالمی پہلو اجاگر ہوا۔
تقریب کے دوران نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کیڈٹس میں اعزازات تقسیم کیے گئے
صدارتی طلائی تمغہ: انڈر آفیسر زین العابدین
اعزازی شمشیر: انڈر آفیسر محمد حنان ملک
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اوورسیز میڈل: نیپال سے تعلق رکھنے والے کیڈٹ
کمانڈنٹ اعزازی چھڑی: انڈر آفیسر محمد طلحہ ایاز
بہترین لیڈی کیڈٹ: کیڈٹ لائبہ رحمان
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے خطاب میں کامیاب کیڈٹس کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی اور کہا،یہ میرے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے کہ میں آج کی اس شاندار پریڈ کا حصہ ہوں۔ ہماری مسلح افواج نہ صرف قومی اتحاد، تنظیم اور قربانی کی علامت ہیں، بلکہ یہ پاکستان کی سلامتی اور استحکام کی مضبوط ضمانت بھی ہیں۔
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی خودمختاری پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا، اور اگر پاکستان کا پانی روکا گیا تو اس کا جواب پوری طاقت سے دیا جائے گا۔





