پاک بھارت تعلقات میں کشیدگی کے بعد بھارتی پروازوں کیلئے پاکستانی فضا کے استعمال پر پابندی لگانے سے بھارتی کئی پروازیں پاکستانی فضائی حدود استعمال نہیں کر سکیں گی۔
تفصیلات کے مطابق پاک بھارت تعلقات میں حالیہ کشیدگی کے تناظر میں پاکستان نے بھارتی پروازوں کے لیے اپنی فضائی حدود کے استعمال پر پابندی عائد کرنے پر غور شروع کر دیا ہے، جس کے باعث بھارتی فضائی کمپنیوں کو بڑے پیمانے پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔عالمی سطح پر پروازوں کی نگرانی کرنے والی ایک ویب سائٹ کے مطابق، ہر ہفتے تقریباً 300 بھارتی پروازیں پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرتی ہیں۔ اس کے برعکس، پاکستان کی قومی ایئر لائن، پی آئی اے، کی صرف چند پروازیں بھارتی فضائی حدود سے گزرتی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، بھارت سے یورپ اور شمالی امریکہ جانے والی 139 پروازیں پاکستانی فضائی حدود سے ہو کر گزرتی ہیں۔ اسی طرح سعودی عرب، بحرین، متحدہ عرب امارات، کویت، عمان اور قطر کے لیے بھارتی ایئرلائنز کی 146 سے زائد پروازیں بھی پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرتی ہیں۔
اگر پابندی عائد کی جاتی ہے تو بھارتی فضائی کمپنیوں کو متبادل راستوں کا انتخاب کرنا پڑے گا، جن میں بحیرہ عرب یا وسطی ایشیا کے راستے شامل ہوں گے۔ اس سے پروازوں کے دورانیے اور لاگت میں نمایاں اضافہ ہو سکتا ہے۔
جب اس معاملے پر سول ایوی ایشن اتھارٹی (CAA) کے ترجمان سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے اس پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔





