اگر ہمارا پانی بند کیا تو ہم آپ کی سانس بند کر دیں گے، حنیف عباسی کا مودی کو للکار

وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو کھلا چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ اگر بھارت نے پاکستان کا پانی بند کرنے کی کوشش کی تو پاکستان اس کا جواب سختی سے دے گا۔

بھارت کی جارحیت پر شدید ردعمل دیتے ہوئے حنیف عباسی نے کہا کہ ہم نے شاہین اور غوری مزائل بھارت کے لیے رکھے ہیں ہمارے تمام مزائلوں کا رخ بھارت کی طرف ہے، اگر ہمارا پانی بند کیا تو ہم آپ کی سانس بند کر دیں گے۔

حنیف عباسی نے بھارت کو دنیا کا سب سے بڑا دہشتگرد قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت نے دنیا بھر میں دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث ہو کر پوری دنیا کو ایک سنگین خطرہ بنایا ہے، انہوں نے کہا کہ بھارت نے ہمیں دہشتگردی کی طرف دھکیلنے کی کوشش کی لیکن پاکستان نے ہمیشہ ہر عالمی فورم پر فلسطین اور کشمیر کے مسائل کو بھرپور طریقے سے اٹھایا ہے۔

حنیف عباسی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے ایک لاکھ کشمیریوں کے قتل عام کی طرف بھی اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں کوئی بھی اقلیت محفوظ نہیں ہے، بھارت نے ہمیشہ سیاسی فائدے کے لیے فالس فلیگ آپریشنز کیے ہیں اور جعلی مقابلوں میں 1500 سے زیادہ کشمیریوں کو اٹھا لیا ہے۔

حنیف عباسی نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ دہشتگردی کی مذمت کی ہے اور خود دہشتگردی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے کے باوجود بھارت کی دہشتگردی کے خلاف آواز بلند کی ہے، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بھارت برما، کینیڈا، میانمار، امریکہ اور انگلینڈ میں بھی دہشتگردی کے واقعات میں ملوث ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اگر جنگ ہوئی تو سکھ پاکستان کے خلاف نہیں، پاکستان کے لیے لڑیں گے، پرمجیت سنگھ

انہوں نے نے مزید کہا کہ بھارت سندھ طاس معاہدے کو ختم کرنے کی کوشش کر رہا ہے جس کے ذریعے پاکستان کو پانی کی فراہمی کے حوالے سے حقوق حاصل ہیں، پاکستان کے اقدامات سے بھارت کی چیخیں نکل رہی ہیں۔

وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کسی بھی صورت میں بھارت کی دہشتگردی کو کامیاب نہیں ہونے دے گا اور ہر فورم پر بھارت کے مظالم کو بے نقاب کرے گا۔

Scroll to Top