لاہور: مفتی منیب الرحمان نے کہا ہے کہ اگر بھارت نے پاکستان کے خلاف جنگ مسلط کی تو پاکستانی قوم پاک افواج کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ میدان عمل میں اُترے گی۔
لاہور میں ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بھارت کی جانب سے پانی بند کرنے کی دھمکیوں پر ردعمل ظاہر کیا اور کہا کہ بھارت کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ اس کے مقابلے میں 25 کروڑ پاکستانی موجود ہیں، جو بھارت کے کسی بھی جارحانہ اقدام کا جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔
مفتی منیب الرحمان نے کہا کہ بھارت کے خلاف 25 کروڑ عوام یک زبان اور متحد ہیں، اور اگر بھارت نے پاکستان کے خلاف کوئی قدم اٹھایا تو پاکستانی قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہوگی۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ پاکستان جنگ کے طلبگار نہیں، لیکن اگر جنگ مسلط کی گئی تو قوم اپنے دفاع میں ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے تیار ہے۔
غزہ پر اسرائیلی مظالم کا ذکر کرتے ہوئے مفتی منیب نے کہا کہ اسرائیل اور بھارت کی دہشت گردی کی سخت مذمت کی جانی چاہیے، اور وہ تمام ممالک جو اسرائیل کی پشت پر کھڑے ہیں، ان کے مظالم میں شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم حکمرانوں کو ایسے اداروں میں نہیں بیٹھنا چاہیے جو غزہ کے مسلمانوں کی مدد کے لیے آواز نہیں اٹھاتے۔
مفتی منیب الرحمان نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مسلم ممالک کی جانب سے غزہ کی امداد کے لیے منظم کوششوں کی کمی محسوس ہو رہی ہے، اور مسلم حکمرانوں کو غزہ کے مسلمانوں کی مدد کے لیے عملی اقدامات کرنے چاہیے۔
اس موقع پر مفتی منیب الرحمان نے بھارت کے حالیہ اقدامات پر بھی تبصرہ کیا، خاص طور پر مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں مسلح افراد کی فائرنگ سے 26 سیاحوں کی ہلاکت اور 12 زخمی ہونے کے بعد بھارت کی جانب سے پاکستان پر الزام عائد کرنے کی شدید مذمت کی۔ بھارت نے بغیر کسی ثبوت کے پاکستان پر الزام لگایا اور سندھ طاس معاہدہ یکطرفہ طور پر ختم کرنے کا اعلان کیا۔
یہ بھی پڑھیں پاکستان کی جوہری طاقت اور حکمت عملی نے بھارت کے تمام عزائم کو مٹی میں ملا دیا، جنرل (ر) زاہد محمود
پاکستانی حکومت نے بھارت کے اس اعلان کو جنگ کا اعلان قرار دیتے ہوئے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ پاکستانی قوم بھی بھارت کے اس اقدام پر شدید غم و غصے کا اظہار کر رہی ہے، اور اس صورتحال میں پوری قوم پاک افواج کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کر رہی ہے۔





