پاکستان کی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، آفتاب شیرپاؤ

پشاور: وفاقی وزیر آفتاب شیرپاؤ نے بھارت کی جانب سے پاکستان کے آبی حقوق پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کا سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی عالمی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہوگی۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کسی بھی صورت میں اپنی آبی حقوق پر سودے بازی کرنے کو تیار نہیں ہے اور نہ ہی بھارت کو ایک بوند بھی پانی دینے کی اجازت دی جائے گی۔

آفتاب شیرپاؤ نے کہا کہ اگر بھارت نے جنگ مسلط کی تو پختون قوم بندوق اٹھانے سے گریز نہیں کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی آبی جارحیت پاکستان کی خودمختاری پر حملہ ہے، جس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اپنی حکومت کی نااہلی چھپانے کے لیے پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگا رہے ہیں، تاکہ عالمی سطح پر اپنے ناکامیوں سے عوام کی توجہ ہٹا سکیں۔

آفتاب شیرپاؤ نے جعفر ایکسپریس پر ہونے والے حملے کو بین الاقوامی سازشوں کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ سی پیک منصوبے کو ناکام بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے، جس میں بھارت اور امریکہ دونوں شریک ہیں۔

یہ بھی پڑھیں ہم اپنے وطن کا دفاع کرنا جانتے ہیں ، آرمی چیف جنرل عاصم منیر

آفتاب شیرپاؤ نے ایک بار پھر پاکستان کے موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پوری پاکستانی قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور بھارت کو کسی بھی جارحیت کی صورت میں بھرپور جواب دیا جائے گا۔

انہوں نے مودی حکومت کو ہوش کے ناخن لینے کی تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر بھارت نے اپنی جارحیت جاری رکھی تو اسے منہ کی کھانی پڑے گی۔

Scroll to Top