بھارت اسٹیٹ سپانسر سرحد پار دہشت گردی کر رہا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر

راولپنڈی ۔ ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے ایک اہم اور ہنگامی پریس کانفرنس میں انکشاف کیا ہے کہ بھارتی فوج پاکستان میں دہشتگردی کی سازشوں میں براہِ راست ملوث ہے۔
انہوں نے بتایا کہ25 اپریل کو جہلم بس اسٹینڈ سے بھارتی دہشت گرد گرفتار کیا گیا، جو پاکستان میں دہشتگرد کارروائیوں کے لیے بھیجا گیا تھا۔ گرفتاری کے بعد حاصل شواہد نے بھارتی ریاستی دہشتگردی کو بے نقاب کر دیا ہے۔

گرفتار دہشتگرد عبدالمجید نے پاکستان میں اب تک 47 دہشتگردانہ کارروائیوں کا اعتراف کیا ہے، جن کا مقصد زیادہ سے زیادہ پاکستانی شہریوں کو نشانہ بنانا تھا۔ بھارتی فوج کے حاضر سروس افسر میجر سندیب ورما نے عبدالمجید کو بم بنانے اور بارودی مواد چلانے کی تربیت دی، اور مالی معاونت بھی فراہم کی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق، میجر سندیب ورما کی عبدالمجید سے ہونے والی فون کالز اور واٹس ایپ پیغامات بھارتی ریاستی دہشتگردی کے ناقابلِ تردید ثبوت ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے مزید بتایا کہ گرفتار دہشت گرد عبدالمجید کا ہینڈلر بھارت میں موجود ہے جو بھارتی آرمی کا حاضر سروس صوبیدار سکھوندر ہے۔ صوبیدار سکھوندر نے دہشتگرد کو بارودی مواد حاصل کرنے کیلئے لوکیشن بھیجی۔ گرفتار دہشت گرد عبدالمجید آئی ای ڈی کے ذریعے فورسز کی گاڑی کو نشانی بناتا ہے جس میں 3 اہلکار زخمی ہوتے ہیں۔ آئی ای ڈی حملے کے بعد گرفتار دہشت گرد عبدالمجید کو میجر سندیپ کی جانب سے اقساط میں 1 لاکھ 80 ہزار روپے ٹرانسفر ہوتے ہیں۔

کال ریکارڈنگز میں دونوں کے درمیان بلوچستان سے لے کر لاہور تک دہشتگردی کی منصوبہ بندی اور مالی معاملات پر بات چیت سنی جا سکتی ہے۔ بھارتی دہشتگردوں کا ہدف ہجوم والی جگہیں تھیں تاکہ زیادہ سے زیادہ جانی نقصان ہو۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پہلگام واقعے کو سات دن گزر جانے کے باوجود کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا، مگر پاکستان نے آج بھارت کی پاکستان میں دہشتگردی کے شواہد اور ثبوت میڈیا کے سامنے پیش کر دیے ہیں۔

پریس کانفرنس کے دوران گرفتار بھارتی افسر کی واٹس ایپ چیٹس اور کال ریکارڈنگز دکھائی گئیں جن میں وہ دہشتگردوں سے رابطے، مالی معاونت اور دہشتگرد کارروائیوں کی منصوبہ بندی کی تفصیلات بتاتا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ وہ قانون نافذ کرنے والے ادارے، ایٹیلجنسی ایجنسی، آرمی جوانوں اور پاکستانی قوم کو سلام پیش کرتے ہیں کہ وہ دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کھڑے ہیں اور پاکستان کو کوئی ختم نہیں کرسکتا۔

Scroll to Top