بیرسٹر سیف کی امریکی عہدیداروں سے ملاقات، عمران خان کیخلاف جعلی مقدمات پر تفصیل سے آگاہ کیا

خیبر پختونخوا حکومت کے مشیر اطلاعات، بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان پر بے بنیاد الزامات کی تیز ہوتی لہر خطے کے امن کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔

خیبر پختونخوا حکومت کے مشیر اطلاعات، بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے امریکا کے پولیٹیکل مشن کے وزیر اور کمیشن کے قائمقام ڈپٹی ہیڈ کے ساتھ اہم ملاقات کی۔ اس دوران امریکی عہدیداروں کو عمران خان سمیت تمام سیاسی قیدیوں کے خلاف درج جعلی مقدمات سے آگاہ کیا گیا۔

ملاقات کے دوران پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، خاص طور پر پہلگام میں ہونے والے فالس فلیگ آپریشن کے بعد بھارت کی جانب سے پاکستان پر عائد کیے گئے بے بنیاد الزامات پر بات کی گئی۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے بھارتی وزیر اعظم مودی کے جنگی جنون کے حوالے سے بھی تفصیل سے گفتگو کی، اور بتایا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان پر بے بنیاد الزامات کی تیز ہوتی لہر خطے کے امن کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔

اس ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور خیبر پختونخوا میں امن و امان کے حوالے سے بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔ بیرسٹر سیف نے واضح کیا کہ خیبر پختونخوا حکومت ضم اضلاع کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور صوبے میں امن، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بڑے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

خیبر پختونخوا حکومت کے عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات کو امریکی وفد نے سراہا اور پاکستان کی حکومت کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے اس ملاقات کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔

Scroll to Top