پی ٹی آئی رہنما شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے اور بھارت کو اب یہ اندازہ ہو چکا ہے کہ پاکستان ایک طاقتور ملک ہے۔
تفصیلات کے مطابق شوکت یوسفزئی نے کہا کہ پاکستان کی قومی سلامتی اور دفاعی صلاحیتوں میں کوئی کمی نہیں ہے، اور بھارت کو یہ بات بخوبی سمجھ آ گئی ہے۔ انہوں نے کہا’’ہم تو کہتے ہیں کہ آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے، لیکن فورم یہ ہوتا ہے کہ جب آپ ہماری تجاویز کو سنیں۔‘‘
شوکت یوسفزئی نے پاکستان کی سفارتکاری کو مزید فعال اور تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کے خلاف سفارتی سطح پر ایک مستقل مہم جاری رکھی جانی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا’’سفارتی سطح پر بھارت کی کمزوریوں کو ضرور اجاگر کرنا چاہیے اور ان کا مقابلہ کرنا چاہیے۔
پی ٹی آئی رہنما نے بھارت کے عالمی سطح پر بڑھتے ہوئے دہشت گردی کے الزامات پر بھی بات کی اور کہا کہ بھارت دنیا بھر میں دہشت گردی کے عمل میں ملوث ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی مقبولیت کا گراف مسلسل نیچے جا رہا ہے، جو کہ اس کے داخلی مسائل کو ظاہر کرتا ہے۔
شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ پاکستان کا دفاع اور سفارتکاری مضبوط ہے، اور ہم اپنے حقوق کی جنگ ہر سطح پر لڑیں گے۔





