اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے بھارت کی جانب سے پاکستانی سرزمین پر کیے گئے حملے کو بزدلانہ اور اشتعال انگیز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس میں کئی معصوم اور بے گناہ شہری، بشمول خواتین اور بچے، جاں بحق ہوئے، جو خطے کے امن کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے۔
عطا تارڑ نے الجزیرہ ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ بھارت کے جارحانہ اقدامات نے نہ صرف انسانی جانوں کو نشانہ بنایا بلکہ اس سے جنوبی ایشیا میں پہلے سے کشیدہ حالات مزید خراب ہو رہے ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ بھارت کی اس طرح کی کارروائیاں کسی بھی بڑے تصادم کا پیش خیمہ بن سکتی ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے، لیکن وہ اپنے دفاع کا مکمل حق رکھتا ہے، اور اس کے پاس ہر قسم کی عسکری صلاحیت موجود ہے جسے استعمال کرنے سے گریز نہیں کیا جائے گا اگر ملکی خودمختاری کو چیلنج کیا گیا۔
عطا تارڑ نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ پہلگام واقعے کو اپنے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کر رہے ہیں، تاکہ انتخابی فائدہ حاصل کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : بھارت کو منہ توڑ جواب دیا جا چکا، اب اُسے آرام آ جانا چاہیے، رانا ثناء اللہ
ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک دیرینہ تنازع ہے، جسے صرف سنجیدہ اور بامعنی مذاکرات کے ذریعے ہی حل کیا جا سکتا ہے۔





