بھارت کو منہ توڑ جواب دیا جا چکا، اب اُسے آرام آ جانا چاہیے، رانا ثناء اللہ

اسلام آباد : وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا ہے، اور اب بھارت کو سکون آ جانا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی طیاروں کو ان کی اپنی زمین پر ہی جواب دیا گیا، جس کے بعد بھارت کی جانب سے سفید پرچم لہرایا جانا اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارتی فوج خود مودی حکومت کے جنگجو رویے سے متفق نہیں۔

رانا ثناء اللہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ حکومت اور آرمی چیف کا واضح مؤقف تھا کہ اگر بھارت نے کوئی کارروائی کی تو اسے منہ توڑ جواب دیا جائے گا، اور اب وہ جواب دے دیا گیا ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بھارت دوبارہ کسی قسم کی مہم جوئی کرے گا تو اسے دوبارہ سخت ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا،اگر بھارت خاموش رہا تو پاکستان ایک ذمہ دار ریاست کی حیثیت سے پرامن رویہ اپنائے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ بھارت نے نیلم جہلم منصوبے کو نشانہ بنایا، لیکن پاکستان نے اس کے برعکس بھارتی سول آبادی کو نشانہ بنانے سے گریز کیا اور صرف دفاعی و عسکری اہداف کو نشانہ بنایا، تاکہ دنیا کو یہ پیغام جائے کہ پاکستان جنگ نہیں چاہتا لیکن اپنی خودمختاری کا دفاع ضرور کرے گا۔

رانا ثناء اللہ نے پہلگام واقعے سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا اس واقعے سے کوئی تعلق نہیں، اور ہم اس کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کے لیے دنیا کے کسی بھی فورم پر خود کو پیش کرنے کے لیے تیار ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : آرمی چیف کی ایئر ہیڈ کوارٹرز آمد، پاک فضائیہ کو بھارتی جارحیت ناکام بنانے پر خراج تحسین پیش کیا

انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی اقدام کے بعد ممکنہ خطرات کے پیش نظر کمرشل پروازیں بند کی گئی تھیں، صورتحال اب قابو میں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹینشن ہماری طرف سے نہیں، بلکہ بھارت کی طرف سے تھی۔ اب جب کہ جواب دیا جا چکا ہے، بھارت کو آرام آ جانا چاہیے۔

Scroll to Top