ٹیلی فون پر رابطہ ، بھارت کی جارحیت پر ترکی پاکستان کیساتھ کھڑا ہے ، صدر اردوان

ٹیلی فون پر رابطہ ، بھارت کی جارحیت پر ترکی پاکستان کیساتھ کھڑا ہے ، صدر اردوان

رجب طیب اردوان نے وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلی فون پر رابطہ کرتے ہوئے بھارت کی حالیہ جارحیت کے تناظر میں پاکستان کیساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

تفصیلات کے مطابق ترک ایوانِ صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر اردوان نے بھارت کی جانب سے پاکستان اور آزاد کشمیر پر میزائل حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ترکی اس نازک صورتحال میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔ اُنہوں نے پاکستان کی ’’پرامن اور تحمل پر مبنی پالیسیوں‘‘ کو سراہتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ ترکی ہر ممکن سفارتی تعاون فراہم کرے گا۔

گفتگو کے دوران ترک صدر نے 22 اپریل کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہونے والے حملے پر پاکستان کی جانب سے غیرجانبدار بین الاقوامی تحقیقات کی تجویز کو ’’مناسب‘‘ قرار دیا، اور کہا کہ کشیدگی کو کم کرنے کے لیے یہ قدم انتہائی دانشمندانہ ہے۔

صدر اردوان کا کہنا تھا کہ ترکی خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے اور کشیدگی کم کرنے کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ انقرہ کی جانب سے سفارتی سطح پر رابطے جاری رہیں گے تاکہ حالات کسی بڑی جنگ کی جانب نہ بڑھیں۔

اس سے قبل ترکی نے بھارت کی فوجی کارروائی کو ’’خطرناک اور غیر ذمہ دارانہ‘‘ قرار دیتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ ایسی حرکتیں خطے کو کھلی جنگ کی طرف دھکیل سکتی ہیں۔

ترکی کی یہ حمایت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان بین الاقوامی برادری کو بھارت کی اشتعال انگیزی سے آگاہ کرنے کے لیے سفارتی کوششیں تیز کر چکا ہے۔

Scroll to Top