پاکستان اور بھارت کے درمیان اعلیٰ سطح رابطے کا انکشاف ،کیا بات ہوئی ؟ جانئے

پاکستان اور بھارت کے درمیان اعلیٰ سطح رابطے کا انکشاف ،کیا بات ہوئی ؟ جانئے

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے نیشنل سکیورٹی ایڈوائزرز کے درمیان کشیدگی کے پس منظر میں رابطہ ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پاکستان اور بھارت کے نیشنل سکیورٹی ایڈوائزرز (این ایس ایز) کے درمیان رابطے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی حالیہ جارحیت ناقابل معافی ہے اور پاکستان مناسب جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

ترک میڈیا کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں اسحاق ڈار نے بتایا کہ دونوں ملکوں کے نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزرز کے درمیان کشیدگی کے پس منظر میں رابطہ ہوا ہے، تاہم بات چیت کی نوعیت اور تفصیلات ظاہر نہیں کی گئیں۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ بھارت نے جو کچھ کیا ہے، وہ ایک کھلی جارحیت ہے اور جنگی اقدام کے زمرے میں آتا ہے، جسے کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے مگر اپنی خودمختاری پر سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

انہوں نے اس سے قبل او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طٰحہٰ سے بھی رابطہ کر کے بھارتی جارحیت پر تشویش سے آگاہ کیا اور مسلم دنیا سے مؤقف اپنانے کی اپیل کی۔

یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں بھارت نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب آزاد کشمیر کے علاقوں کوٹلی، مظفرآباد، باغ، مریدکے اور احمد پور شرقیہ میں شہری آبادی پر حملے کیے جن میں دو مساجد شہید ہوئیں، جبکہ دو بچوں سمیت کم از کم 31 پاکستانی شہری شہید اور 51 زخمی ہوئے۔

پاکستان نے بھارتی جارحیت کا بھرپور اور فوری جواب دیتے ہوئے بھارت کے تین رافیل، ایک مگ 29، ایک ایس یو 30 جنگی طیارے اور ایک کومبیٹ ڈرون کو مار گرایا، جس کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔

وزارتِ خارجہ کے مطابق پاکستان صورتحال کو اقوام متحدہ، او آئی سی اور دیگر عالمی فورمز پر اٹھا رہا ہے تاکہ بھارت کے خلاف عالمی رائے عامہ کو ہموار کیا جا سکے۔

Scroll to Top