برطانوی جریدے ٹیلی گراف نے پاکستان کی مؤثر دفاعی حکمتِ عملی کو سراہتے ہوئے بھارتی فضائیہ کی کارکردگی پرسوالات اٹھا دیے، رپورٹ میں رافیل طیاروں کی تباہی کو بھارت کے لیے تضحیک آمیز شکست قرار دیا گیا۔
ٹیلی گراف کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت کے جدید رافیل طیاروں کی تباہی نئی دہلی کے لیے ایک تضحیک آمیز شکست ہے جو اس کی عسکری منصوبہ بندی اور فضائی صلاحیتوں پر سوالیہ نشان ہے۔
ٹیلی گراف کے مطابق پاکستان نے نہ صرف اپنی فضائی حدود کی کامیاب دفاع کیا بلکہ اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور ٹیکنالوجی کے استعمال سے بھارت کو واضح پیغام دیا کہ پاک فضائیہ، فضاؤں کی حکمران ہے۔
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ پاکستانی طیاروں نے جدید ہوا سے ہوا میں مار کرنے والے میزائلوں کا استعمال کرتے ہوئے پانچ بھارتی جنگی طیاروں کو نشانہ بنایا، ان میں بھارت کے مہنگے اور جدید رافیل طیارے بھی شامل تھے جنہیں بھارت نے اپنی فضائی برتری کے لیے ایک بڑا ہتھیار سمجھا تھا۔
ٹیلی گراف کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے نہ صرف بھارتی طیاروں کو مار گرایا بلکہ دنیا بھر کے عسکری ماہرین کو حیران کر کے رکھ دیا،یہ واقعہ عالمی سطح پر پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کے اعتراف کا باعث بن رہا ہے اور یہ ثابت کرتا ہے کہ پاکستان کی فضائیہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور جنگی حکمتِ عملی میں کسی بھی بڑے ملک سے کم نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: آپریشن بنيان مرصوص میں کامیابی پرشوبز شخصیات کا افواج پاکستان کو خراج تحسین
ٹیلی گراف نے بھارت سے یہ سوال بھی اٹھایا کہ اربوں ڈالر خرچ کرنے کے باوجود کیا اس کی فضائیہ واقعی مؤثر ہے اور کیا بھارت کو اپنی عسکری حکمتِ عملی پر ازسرِ نو غور نہیں کرنا چاہیے۔





