پشاور: تھانہ چمکنی کی حدود میں مال مویشی منڈی کے قریب ہونے والے خودکش دھماکے میں شہید ہونے والے ایس آئی لئیق زادہ خان اور کانسٹیبل عالمزیب کی نماز جنازہ ملک سعد شہید پولیس لائن میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔
نماز جنازہ کے موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہداء کو سلامی پیش کی۔ اس موقع پر مختلف اعلیٰ حکام اور شخصیات نے شرکت کی، جن میں ایم این اے ارباب شیر علی، چیف سیکرٹری خیبر پختونخواہ شہاب علی شاہ، آئی جی خیبر پختونخوا پولیس ذوالفقار حمید، کمشنر پشاور ڈویژن ریاض محسود، سی سی پی او پشاور قاسم علی خان، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی شوکت عباس، ایس ایس پی آپریشنز مسعود احمد، ایس ایس پی انویسٹی گیشن، سی ٹی ڈی کے حکام، ڈویژنل ایس پیز، دیگر پولیس افسران اور شہداء کے لواحقین شامل تھے۔
نماز جنازہ کے بعد ارباب شیر علی، شہاب علی شاہ، ذوالفقار حمید اور ریاض محسود نے شہداء کے جسد خاکی پر پھول چڑھائے اور ان کے بلند درجات کے لیے دعا کی۔
اس موقع پر چیف سیکرٹری اور آئی جی خیبر پختونخوا نے شہداء کے اہل خانہ سے ملاقات کی، ان سے تعزیت کی اور شہداء کی بہادری، قربانی اور خدمات کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔
یہ بھی پڑھیں : پشاورمیں تھانہ چمکنی کے علاقے میں پولیس موبائل پر خودکش حملہ، 2 اہلکار شہید
آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے شہداء کے ورثاء کو یقین دلایا کہ ان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا جائے گا اور پولیس فورس ان کی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔





