نئی دہلی: بھارت کے سینئر صحافی سدھارتھ ورادا راجن نے نریندر مودی حکومت کی پالیسیوں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ جنگ بندی کے لیے بھارت نے خود امریکا سے رجوع کیا، جب کہ عوام کو گمراہ کرنے کے لیے الٹا پاکستان پر الزام عائد کیا جا رہا ہے۔
اپنے تازہ بیان میں سدھارتھ ورادا راجن نے کہا کہ نریندر مودی لوگوں کو گمراہ کرنے میں ماہر ہیں۔ وہ عوام کو یہ تاثر دے رہے ہیں کہ پاکستان جنگ سے گھبرا کر امریکا کے پاس گیا، جبکہ درحقیقت بھارت نے خود پسِ پردہ جنگ روکنے کے لیے امریکا سے مداخلت کی درخواست کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ صورتحال میں پاکستان کو یہ یقین ہے کہ اس نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر دوبارہ زندہ کر دیا ہے، اور اس مؤقف کو امریکا کی حمایت بھی حاصل ہو رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں نریندر مودی کے جنگی جنون نے بھارت کو بند گلی میں دھکیل دیا، شاہد آفریدی
سدھارتھ ورادا راجن کا کہنا تھا کہ مودی کو اچھی طرح اندازہ تھا کہ مسئلے کا کوئی جنگی حل نہیں، لیکن اس کے باوجود انہوں نے فوج کو جنگ کی طرف دھکیلا، جس سے بھارت کو ناقابلِ تلافی نقصان اٹھانا پڑا۔





