کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے یومِ تشکر کے موقع پر پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کو اب اندازہ ہو چکا ہے کہ پاکستان سے الجھنا مہنگا ثابت ہوا ہے، جبکہ نریندر مودی کا جنگی جنون خود بھارت کو بند گلی میں لے گیا ہے۔
کراچی کے ساحلی علاقے سی ویو پر نکالی گئی یومِ تشکر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ آپریشن بُنیان مّرصُوص کی کامیابی پر پوری قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم امن پسند لوگ ہیں اور ہمارا مذہب ہمیں امن کا درس دیتا ہے، لیکن دشمن نے ہمارے معصوم بچوں اور شہری آبادی کو نشانہ بنایا، مساجد شہید کی گئیں، اور ہم خاموش نہیں رہ سکتے۔
انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کی پالیسیوں نے نہ صرف بھارت کو عالمی سطح پر بدنام کیا ہے بلکہ خود بھارتی عوام اور اقلیتوں کو بھی مشکلات میں ڈال دیا ہے۔
شاہد آفریدی نے کہا میں پہلے ہی کہہ چکا تھا کہ مودی انسان کا بچہ نہیں بنے گا۔ بھارت میں مسلمان، سکھ اور دیگر اقلیتیں غیرمحفوظ ہیں۔
سابق کپتان نے بھارتی میڈیا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کا میڈیا 50 فیصد بالی ووڈ اور 50 فیصد کارٹون نیٹ ورک ہے۔ انہوں نے بغیر ثبوت کے پاکستان پر الزامات لگانے کے رویے کی بھی مذمت کی۔
شاہد آفریدی نے کہا اگر حملہ کیا ہے تو اب نتائج بھگتو۔ نریندر مودی کینیڈا میں بھی سکھ برادری پر حملوں میں ملوث پایا گیا، جہاں اسے منہ کی کھانی پڑی۔
یومِ تشکر کے موقع پر شہریوں نے بھی پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے اور کہا کہ پاک افواج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستانی قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ، ملک بھر میں یکجہتی ریلیاں اور مظاہرے
عوام کا کہنا تھا کہ افواجِ پاکستان کی بھرپور جوابی کارروائی نے دشمن کو خاموشی پر مجبور کر دیا ہے۔





