پاکستان سے خطرہ یا بھارتی ڈرامہ؟ پنجاب میں لائٹس بند کرنے کی پراسرار ہدایت

پاکستان سے خطرہ یا بھارتی ڈرامہ؟ پنجاب میں لائٹس بند کرنے کی پراسرار ہدایت

بھارتی حکومت کا خوف پر مبنی بیانیہ؟ انڈین پنجاب میں پاکستانی حملے کا تاثر پھیلایا جا رہا ہے

تفصیلات کے مطابق جنگ بندی کے باوجود بھارتی حکومت کی جانب سے انڈین پنجاب کے شہریوں، خاص طور پر سکھ برادری میں خوف کی فضا پیدا کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ سرحدی علاقوں کی سول انتظامیہ اور عسکری ادارے شہریوں کو رات کے وقت لائٹس بند رکھنے کی ہدایات دے رہے ہیں، جبکہ مبصرین اس اقدام کو ایک سوچے سمجھے منصوبے کا حصہ قرار دے رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق بھارتی حکومت جان بوجھ کر سکھ اکثریتی علاقوں میں یہ تاثر دے رہی ہے کہ پاکستان کسی بھی وقت حملہ کر سکتا ہے، حالانکہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔ عسکری مبصرین کا کہنا ہے کہ پاکستان نے ماضی میں جنگ کے دوران بھی امرتسر جیسے مقدس اور گنجان آباد علاقوں کو نشانہ نہیں بنایا، لیکن بھارتی حکومت نے خود ساختہ ڈرون اور میزائل حملوں کا ڈرامہ رچا کر اس کا الزام پاکستان پر عائد کیا، تاکہ سکھ برادری کو پاکستان مخالف بیانیے کی طرف دھکیلا جا سکے۔

بھارتی پنجاب کے مختلف اضلاع میں جاری ہدایات کے مطابق:
ضلع بٹھنڈہ میں شہریوں کو رات کے وقت گھروں کی بیرونی لائٹس بند رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ اسکول معمول کے مطابق کھلے رہیں گے، تاہم صورتحال کے مطابق فیصلے میں تبدیلی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

ضلع موگا میں شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ رضاکارانہ طور پر گھروں کے اندر رہیں اور رات کو لائٹس بند رکھیں۔

ضلع برنالہ کی انتظامیہ نے سختی سے ہدایت جاری کی ہے کہ شہری آج رات 8 بجے تمام لائٹس بند رکھیں اور گھروں سے باہر نہ نکلیں۔

ضلع امرتسر میں 12 مئی 2025 کو تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے، اور اساتذہ کو آن لائن تدریس کا حکم دیا گیا ہے۔

ان اقدامات سے خطے میں خوف و ہراس کی فضا پیدا ہو رہی ہے، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان سیز فائر بدستور قائم ہے۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت ان اقدامات کے ذریعے نہ صرف اپنے سیاسی و عسکری بیانیے کو تقویت دینا چاہتی ہے بلکہ پاکستانی سرحد کے قریب بسنے والے شہریوں کو مسلسل عدم تحفظ کا شکار رکھ کر اندرونی حمایت حاصل کرنا چاہتی ہے۔

خطے میں امن و استحکام کے لیے ضروری ہے کہ عوامی شعور کو خوف کی بنیاد پر نہیں بلکہ شفاف معلومات اور اعتماد کے ساتھ استوار کیا جائے۔

Scroll to Top