خیبرپختونخوا میں چپراسی بھی بغیر پیسوں کے ٹرانسفر نہیں ہو سکتا، وفاقی وزیر امیر مقام

وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان اور صدر مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں اتنی بدعنوانی ہے کہ ایک چپراسی بھی بغیر پیسوں کے ٹرانسفر نہیں ہو سکتا۔

کوہاٹ میں شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر امیر مقام نے کوہستان میں سامنے آنے والے 40 ارب روپے کے میگا مالیاتی سکینڈل کی سخت مذمت کی اور کہا کہ اس سکینڈل کے باوجود وزیر اعلیٰ کوہستان اس معاملے سے لاعلمی کا دعویٰ کر رہے ہیں جو ناقابل قبول ہے۔

انجینئر امیر مقام نے قومی احتساب بیورو (نیب) کو سراہتے ہوئے کہا کہ نیب اس کرپشن کیس کی مکمل تحقیقات کرے گا تاکہ کرپٹ عناصر کو قرار واقعی سزا دی جا سکے۔

وفاقی وزیر نے پاک فوج کو بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ افواج پاکستان ہماری سرحدوں کی محافظ ہیں اور پوری قوم ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

امیر مقام  نے آپریشن بنیان مرصوص کو قومی سلامتی کے لیے ایک تاریخی کامیابی قرار دیا اور وزیر اعظم شہباز شریف کو بہترین کپتان قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں: بنوں میں اقوام نورڑ کے مغوی شہری کی عدم بازیابی پر کل مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال کا اعلان

کوہاٹ میں مسلم لیگ (ن) کی شمولیتی تقریب ہوئی جہاں جے یو آئی (ف) کے رہنما فواد خان نے خاندان اور ہزاروں ساتھیوں سمیت مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کی۔

Scroll to Top