پاکستان کی 166 سیاسی جماعتوں میں صرف 58 کی ویب سائٹس فعال ہے، فافن

اسلام آباد: فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن) نے سیاسی جماعتوں کی ویب سائٹس سے متعلق رپورٹ جاری کر دی، جس کے مطابق پاکستان کی 166 میں سے صرف 58 سیاسی جماعتوں کی ویب سائٹس جزوی یا مکمل طور پر فعال ہیں، جو کہ کل جماعتوں کا صرف 35 فیصد بنتا ہے۔

رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پارلیمنٹ میں موجود 20 میں سے 14 جماعتوں کی ویب سائٹس فعال ہیں، تاہم زیادہ تر سیاسی جماعتیں آئینی تقاضوں کے برعکس اپنی ویب سائٹس پر بنیادی معلومات فراہم کرنے میں ناکام رہی ہیں۔

فافن کے مطابق صرف 40 جماعتوں نے اپنے مرکزی عہدیداران کی فہرست ویب سائٹس پر فراہم کی، جبکہ محض 6 جماعتوں نے ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین کی تفصیلات شائع کیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا ویب سائٹس کا کوئی متبادل نہیں، لیکن اس کے باوجود سیاسی جماعتیں ویب سائٹس کے ذریعے شفافیت کا مظاہرہ کرنے سے قاصر ہیں۔

مالی شفافیت کے حوالے سے صورتحال اور بھی تشویشناک ہے۔ رپورٹ کے مطابق صرف ایک جماعت نے مالی گوشوارے اپنی ویب سائٹ پر شائع کیے، جبکہ کسی جماعت نے امیدواروں کے انتخاب کے طریقہ کار یا جنرل کونسل کی تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

فافن کی رپورٹ میں جماعت اسلامی کی ویب سائٹ کو سب سے زیادہ معلوماتی قرار دیا گیا، جبکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی ویب سائٹ صرف وی پی این کے ذریعے ہی قابل رسائی ہے۔

یہ بھی پڑھیں بھارت میں شکست کے بعد ویرانی چھا گئی ہے: فواد چودھری

فافن نے سیاسی جماعتوں پر زور دیا ہے کہ وہ آئین کے تقاضوں کے مطابق اپنی ویب سائٹس کو مکمل فعال بنائیں اور شفافیت کے اصولوں پر عمل کریں تاکہ عوام کو بہتر معلومات فراہم کی جا سکیں۔

Scroll to Top