افواجِ پاکستان نے سینوں پر گولیاں کھا کر وطن کو بچایا، سپیکرایاز صادق

پاکستان چین کی دوستی ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مستحکم ہو رہی ہے، اسپیکر

اسلام آباد:اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے پاک-چین دوستی کو لازوال قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات باہمی اعتماد، احترام اور بھائی چارے پر مبنی ہیں اور ہر گزرتے دن کے ساتھ یہ رشتہ مزید مستحکم ہو رہا ہے۔

پاک-چین دوستی کے 74 سال مکمل ہونے پر اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے دونوں ممالک کے درمیان لازوال تعلقات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات باہمی اعتماد، احترام اور بھائی چارے پر مبنی ہیں، دونوں ممالک کی دوستی وقت کی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ یہ رشتہ مزید مستحکم ہو رہا ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاک-چین شراکت داری استحکام، ترقی اور علاقائی سلامتی کا مظہر بن چکی ہے، پاکستان کو چین کی معیشت، دفاع اور سائنس اور ٹیکنالوجی میں ترقی پر فخر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دفاعی شعبے میں چین کے ساتھ اشتراک پاکستان کی تزویراتی طاقت کی بنیاد ہے، جے ایف-17 تھنڈر، J-10C اور PL-15 میزائل پاکستان کی مضبوط دفاعی صلاحیتوں کا عکاس ہیں۔

ایاز صادق نے سی پیک منصوبے کو پاکستان-چین دوستی کی زندہ مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ ون بیلٹ ون روڈ منصوبہ پورے خطے کی ترقی کا ضامن ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے زور دیا کہ دونوں ممالک باہمی ترقی اور خوش حالی کے سفر میں قابلِ اعتماد شراکت دار ہیں اور یہ تعلق آئندہ بھی وقت کی تمام آزمائشوں میں قائم و دائم رہے گا۔

ایاز صادق نے خضدار میں اسکول کے بچوں کی بس پر ہونے والے دہشت گردی کے حملے کی شدید مذمت کی اور انہوں نے حملے میں 4 بچوں سمیت 6 قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے معصوم بچوں کا خون رائیگاں نہیں جانے دے گا اور انہوں نے اس بزدلانہ حملے کو انسانیت کے خلاف جرم قرار دیتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائی کا عزم ظاہر کیا۔

یہ بھی پڑھیں :حکومت کا نئے مالی سال کے لیے 1000 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ مختص کرنے کا فیصلہ

اسپیکر قومی اسمبلی نے بھارت کی حالیہ جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے پر پاکستان کی مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ افواج پاکستان نے ملک کی فضائی، زمینی اور سمندری حدود کا بہادری اور کامیابی سے دفاع کیا ہے، جو پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔

Scroll to Top