خیبرپختونخوا میں اسکولوں کی سیکورٹی کے لیے جامع ایڈوائزری جاری

بلوچستان کے ضلع خضدار میں اسکول بس پر دہشت گردانہ حملے کے بعد خیبرپختونخوا پولیس نے صوبے بھر کے اسکولوں کی سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات اٹھاتے ہوئے جامع ایڈوائزری جاری کر دی ہے جس میں پشاور سمیت دیگر اضلاع کے اسکولوں کے لیے سخت سیکورٹی ہدایات دی گئی ہیں۔

محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا کے اسپیشل سیکرٹری قیصر عالم نے بتایا کہ تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز (ڈی ای اوز) اور اسکول سربراہان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر سیکورٹی سروے کریں اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر جامع سیکورٹی پلان ترتیب دیں۔

ہدایات میں کہا گیا ہے کہ اسکولوں کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ کا موثر نظام قائم کیا جائے، تربیت یافتہ سیکورٹی گارڈز تعینات کیے جائیں، اور تمام اسکولوں میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب یقینی بنائی جائے۔

ایڈوائزری میں مزید ہدایت کی گئی ہے کہ اسکولوں میں ایمرجنسی الرٹ سسٹم اور ایگزٹ پلان مرتب کیا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔

طلبا کے لیے سیکورٹی سے متعلق آگاہی سیشنز کے انعقاد کی بھی ہدایت کی گئی ہے تاکہ وہ ممکنہ خطرات سے بچاؤ کے طریقوں سے آگاہ ہوں۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا: نجی و سرکاری سکولوں میں گرمیوں کی تعطیلات کا اعلان

اسپیشل سیکرٹری ایجوکیشن قیصر عالم نے کہا کہ محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا اسکولوں کی سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ مل کر سیکورٹی پلان پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ طلبا اور اساتذہ کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔

Scroll to Top