سیاسی کشیدگی میں نیا موڑ، علی امین گنڈاپور نے اپوزیشن لیڈر کو لیگل نوٹس بھجوا دیا

سیاسی کشیدگی میں نیا موڑ، علی امین گنڈاپور نے اپوزیشن لیڈر کو لیگل نوٹس بھجوا دیا

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے صوبائی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف ڈاکٹر عباد اللہ خان کو ایک ارب روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھجوا دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ نوٹس پی کے 30 سے منتخب رکن اسمبلی ڈاکٹر عباد اللہ خان کی جانب سے دیے گئے ایک بیان کے بعد جاری کیا گیا، جس میں انہوں نے مبینہ طور پر وزیراعلیٰ کو ’’کوہستان سکینڈل‘‘کا مرکزی کردار قرار دیا تھا۔ نوٹس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اس بیان سے وزیراعلیٰ کی شہرت اور سیاسی ساکھ کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

وزیراعلیٰ کی جانب سے بھجوایا گیا یہ قانونی نوٹس معروف وکیل علی عظیم آفریدی کی وساطت سے ارسال کیا گیا، جس میں مؤقف اپنایا گیا کہ کوہستان سکینڈل میں علی امین گنڈاپور کا کوئی تعلق نہیں اور انہیں اس معاملے میں ملوث کرنا ایک غیرذمہ دارانہ اور بے بنیاد الزام ہے۔

نوٹس میں ڈاکٹر عباد اللہ خان سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اپنا بیان واپس لیں، غیر مشروط معافی مانگیں اور ایک ارب روپے ہرجانہ ادا کریں، بصورت دیگر ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔

سیاسی حلقوں میں اس پیشرفت کو خیبرپختونخوا کی سیاسی فضا میں نیا موڑ قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ اپوزیشن کی جانب سے تاحال اس قانونی نوٹس پر کوئی باقاعدہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔

Scroll to Top