ملک بدری کا عمل جاری، پاکستان نے مزید1ہزارگیارہ افغان شہریوں کو واپس بھیج دیا

ملک بدری کا عمل جاری، پاکستان نے مزید1ہزارگیارہ افغان شہریوں کو واپس بھیج دیا

پاکستان میں مقیم غیر قانونی افغان باشندوں کی وطن واپسی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ گزشتہ دو روز کے دوران مزید 1,011 افغان مہاجرین کو ملک بدر کر کے افغانستان واپس بھیج دیا گیا ہے۔

محکمہ داخلہ خیبرپختونخوا کی رپورٹ کے مطابق، دو روز میں مجموعی طور پر 1,149 افراد کو سرحد پار کرایا گیا، جن میں سے 1,147 افراد کو طورخم بارڈر جبکہ 2 افراد کو انگور اڈہ بارڈر کے راستے افغانستان بھجوایا گیا۔واپس جانے والے افغان باشندوں میں 1,011 افراد غیر قانونی طور پر پاکستان میں مقیم تھے، جبکہ 138 افغان باشندوں نے رضاکارانہ طور پر واپسی کا فیصلہ کیا۔ یہ افراد باقاعدہ افغان رجسٹریشن کارڈ (پی او آر) کے حامل تھے۔

ملک بدری کی حالیہ کارروائیوں میں خیبرپختونخوا سے 1,066، اسلام آباد سے 66 اور پنجاب سے 15 افغان شہریوں کو وطن واپس بھیجا گیا۔

واضح رہے کہ ستمبر 2023 سے جاری اس مرحلہ وار واپسی کے دوران اب تک مجموعی طور پر 5,47,296 افغان مہاجرین پاکستان چھوڑ کر افغانستان واپس جا چکے ہیں۔

پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ یہ عمل بین الاقوامی اصولوں اور ملکی قانون کے مطابق جاری ہے، اور رجسٹرڈ افغان مہاجرین کو واپسی کے لیے رضاکارانہ مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔

Scroll to Top