پاکستان نے مسجد اقصٰی اور غزہ میں سکول پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی قابض افواج اور غیرقانونی آبادکاروں کے اقدامات ناقابلِ قبول ہیں، عالمی برادری مظالم پر خاموش تماشائی نہ بنے۔ پاکستان مقدس مقامات کے تقدس اور تاریخی حیثیت کو برقرار رکھنے کا مطالبہ کر تا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان اشتعال انگیزاقدامات کی شدید مذمت کرتا ہے، ایسے اقدامات ناقابل قبول ہیں، اسرائیلی اقدامات بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں، یہ اقدامات خطے میں پہلے سے موجود کشیدگی مزید بڑھا سکتے ہیں۔
شفقت علی خان نے کہا کہ پاکستان، مقدس مقامات کے تقدس اور تاریخی حیثیت کے تحفظ پر زور دیتا ہے اور اسرائیل کو مزید اشتعال انگیزیوں سے باز رکھنے کا مطالبہ کرتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان غزہ میں فلسطینی شہریوں کو مسلسل نشانہ بنانے کی بھی سخت مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسکول پر حالیہ حملہ جہاں بے گھر خاندان پناہ لیے ہوئے تھے اسرائیلی جارحیت اور بے لگام ظلم کی ایک اور مثال ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حملے کے بعد سامنے آنے والی دل دہلا دینے والی تصاویر جن میں درجنوں افراد خصوصاً بچے شہید ہوئے، یہ کارروائیاں عالمی برادری کے لیے لمحہ فکریہ ہونی چاہییں اور ان حملوں کو فوری طور پر بند کیا جانا چاہیئے، اسرائیل کو ان سنگین جرائم پر جوابدہ ٹھہرایا جائے۔
یہ بھی پڑھیں :دوسرے روز بھی سونے کی قیمت میں بڑی کمی
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے، پاکستان ایک آزاد، خودمختار، قابل عمل اور مسلسل فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ کرتا ہے،ایک ایسی فلسطینی ریاست جو القدس الشریف بطور دارالحکومت 1967 سے پیشگی سرحدوں پر مشتمل ہو۔





