کالام بازار میں تجاوزات کے خلاف بڑا آپریشن

کالام (اکرام صدیقی) مشیر سیاحت و ثقافت زاہد چن زیب اور صوبائی حکومت کے احکامات کی روشنی میں اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کالام بازار میں غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف مؤثر اور بھرپور آپریشن کیا گیاجس کے دوران مین بازار سے درجنوں عارضی و مستقل تجاوزات ہٹا دی گئیں۔

آپریشن کی نگرانی ڈائریکٹر جنرل اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی عدنان ابرار، ڈپٹی کمشنر سوات شہزاد محبوب، اسسٹنٹ کمشنر بحرین جنید خان، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر احمد شیراور اسسٹنٹ ڈائریکٹر اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی سعیدالرحمان نے کی۔

اس موقع پر ضلعی انتظامیہ، یو ایس ڈی اے اسٹاف، مقامی پولیس، ٹورزم پولیس اور دیگر متعلقہ ادارے بھی موجود تھے۔کارروائی کے دوران مین روڈ پر دکانوں، ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کے سامنے قائم تجاوزات کو فوری طور پر ختم کر دیا گیا۔

دکانداروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ اپنا سامان دکانوں کے اندر رکھیں اور فٹ پاتھوں پر کسی قسم کی رکاوٹ نہ ڈالیں۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹر و ترجمان اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی سعیدالرحمان کے مطابق تجاوزات کے خلاف کارروائی سے قبل انتظامیہ کی جانب سے باقاعدہ قانونی نوٹسز جاری کیے گئے تھےجن کی روشنی میں یہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔ اگر دوبارہ تجاوزات قائم کرنے کی کوشش کی گئی تو سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان میں ذی الحج کا چاند نظر آ گیا

انتظامیہ نے ہوٹل مالکان اور دکانداروں سے اپیل کی کہ وہ تجاوزات کے خاتمےعلاقے کی بہتری اور سیاحت کے فروغ کے لیے اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ سے تعاون جاری رکھیں۔

Scroll to Top