وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت اگلے سالانہ ترقیاتی پروگرام کی تیاری سے متعلق ایک اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں مردان ڈویژن کے مجوزہ ترقیاتی منصوبوں پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں مردان ڈویژن سے تعلق رکھنے والے قومی و صوبائی اسمبلی کے اراکین، متعلقہ محکموں کے افسران اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران آئندہ مالی سال کے ترقیاتی منصوبوں پر بات چیت کی گئی اور مردان ڈویژن میں جاری ترقیاتی اسکیموں پر ہونے والی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ بھی لیا گیا۔
وزیر اعلی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کا نیا سالانہ ترقیاتی پروگرام ایک وژنری پروگرام ہوگا، جو آئندہ چار سالوں کے لیے ایک مضبوط بنیاد اور واضح روڈ میپ فراہم کرے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی پروگرام کو منتخب عوامی نمائندوں کی تجاویز اور عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دیا جا رہا ہے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ اگلے مالی سال کے ترقیاتی بجٹ کا بیشتر حصہ جاری منصوبوں کی تکمیل پر خرچ کیا جائے گا، اور جن منصوبوں پر 80 فیصد یا اس سے زیادہ کام مکمل ہو چکا ہے انہیں اگلے سال مکمل کیا جائے گا۔ ان کے مطابق اس اقدام سے تقریباً 50 فیصد جاری منصوبے آئندہ سال مکمل ہو جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں کالام بازار میں تجاوزات کے خلاف بڑا آپریشن
وزیر اعلی نے اس بات پر زور دیا کہ صوبے کے تمام علاقوں کو یکساں ترقی دینا ان کی اولین ترجیح اور ذمہ داری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ “بطور وزیر اعلی، صوبے کا ہر حلقہ میرا حلقہ ہے۔” انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ تمام علاقوں کو ان کی آبادی، پسماندگی اور ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ترقیاتی منصوبوں میں برابر کا حصہ دیا جائے گا اور کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں کی جائے گی۔





