ڈیرہ اسماعیل خان:عیدالاضحیٰ کی آمد آمد ہے اور ملک بھر میں خوشیوں کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ ایسے میں ڈیرہ اسماعیل خان میں واقع ’نگہبان ہوم‘ کی یتیم بچیاں بھی عید کی تیاریوں میں کسی سے پیچھے نہیں۔
نگہبان ہوم ایک فلاحی ادارہ ہے جہاں بے سہارا اور یتیم بچیوں کو نہ صرف چھت فراہم کی گئی ہے بلکہ انہیں تعلیم، تربیت اور بہتر مستقبل کے خواب بھی دیے جا رہے ہیں۔ عیدالاضحیٰ کے موقع پر یہاں بچیوں کیلئے نئے کپڑے، جوتے اور عیدی کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔
ادارے کی منتظمین کے مطابق بچیاں عید کیلئے مہندی لگانے، چوڑیاں پہننے اور عید کے دن خصوصی کھانے کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ ان کے چہروں پر خوشی اور آنکھوں میں امید کی جھلک نمایاں ہے۔ ادارہ اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہا ہے کہ یہ بچیاں بھی وہی خوشیاں محسوس کریں جو ایک عام گھرانے کی بچیاں عید پر محسوس کرتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور میں سیف سٹی منصوبہ 14 سال سے التواء کا شکار، کوئی عملی پیش رفت نہیں ہو سکی ،محمد فہیم
نگہبان ہوم کی انتظامیہ اور اہل خیر افراد نے عید کے موقع پر بچیوں کیلئے تفریحی سرگرمیوں اور عید ملن پارٹی کا بھی اہتمام کیا ہے تاکہ وہ خود کو تنہا محسوس نہ کریں۔





