اپر دیر میں عید کی تیاریاں عروج پر، بازاروں میں خریداروں کا رش

اپر دیر: ملک بھر کی طرح اپر دیر میں بھی عید کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ جیسے جیسے عید قریب آ رہی ہے، بازاروں میں رونق میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ کپڑوں، جوتوں، مٹھائی، سبزی و پھل فروشوں اور مویشی منڈیوں پر خریداروں کا رش دیدنی ہے۔

درزیوں کی دکانوں پر کام کا بوجھ بڑھ گیا ہے اور اکثر مقامات پر نئے آرڈرز لینا بند کر دیے گئے ہیں۔ جوتوں کی دکانوں پر بچوں اور خواتین کی بڑی تعداد دیکھنے میں آ رہی ہے، جو عید کے لیے نئی خریداری میں مصروف ہیں۔

مٹھائی کی دکانوں پر بھی گاہکوں کا ہجوم نظر آ رہا ہے، جہاں مختلف اقسام کی مٹھائیاں عید کی خوشیوں کے لیے خریدی جا رہی ہیں۔ دوسری جانب سبزی اور پھل فروش بھی عید سے قبل قیمتوں میں اضافے کے باوجود گاہکوں کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔

مویشی منڈیوں میں قربانی کے جانوروں کی خریداری کا سلسلہ بھی جاری ہے، جہاں بچے خاص طور پر دلچسپی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :پشاور میں خیبر یونین آف جرنلسٹ کا تین روزہ اسپورٹس فیسٹیول کامیابی سے اختتام پذیر

شہریوں کا کہنا ہے کہ عید خوشیوں کا تہوار ہے اور وہ اسے بھرپور طریقے سے منانے کے لیے تیاریاں مکمل کر رہے ہیں۔ بچوں کی چہل پہل اور والدین کی مصروفیات نے علاقے کی فضا کو خوشی اور جوش و خروش سے بھر دیا ہے۔

Scroll to Top