وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے اینٹی کرپشن اور ممبر احتساب کمیٹی مصدق عباسی نے اعلان کیا ہے کہ کابینہ اراکین کی مبینہ کرپشن سے متعلق رپورٹ مکمل کرلی گئی ہے اور اسے پارٹی کے بانی چیئرمین کو پیش کر دیا گیا ہے۔
پشاور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مصدق عباسی نے بتایا کہ احتساب کمیٹی نے تمام شواہد اور انکوائری رپورٹس پارٹی کے بانی چیئرمین کو فراہم کر دی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اب اس معاملے کو کس انداز سے حل کرنا ہے، یہ فیصلہ مکمل طور پر پارٹی کی اعلیٰ قیادت کے صوابدید پر ہے۔
مصدق عباسی نے کہا کہ یہ کیس پارٹی کے اندرونی معاملات سے متعلق ہے، اس لیے کسی بھی قسم کی کارروائی یا قدم چیئرمین کی ہدایت کے بغیر نہیں اٹھایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ احتساب کمیٹی کی ذمہ داری صرف تحقیقاتی پہلوؤں کو دیکھنا ہے، جبکہ فیصلے کا اختیار پارٹی کے اعلیٰ حکام کے پاس ہے۔
مشیر اینٹی کرپشن نے مزید کہا کہ پاکستان میں کرپشن کے گہرے اثرات خیبرپختونخوا پر بھی پڑے ہیں، اور اس کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ شفافیت کو فروغ دیا جا سکے۔





