معاشی استحکام کی جانب قدم! ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کو 80 کروڑ ڈالرز کی منظوری دیدی

معاشی استحکام کی جانب قدم! ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کو 80 کروڑ ڈالرز کی منظوری دیدی

ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) نے پاکستان کے لیے 80 کروڑ ڈالرز کی مالی معاونت کی منظوری دے دی ہے، جس کا مقصد ملک میں مالیاتی پائیداری کو مضبوط بنانا اور اقتصادی اصلاحات کی حمایت کرنا ہے۔
اے ڈی بی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق یہ رقم پاکستان کی جانب سے معاشی بہتری کے لیے کی گئی پیش رفت کو مدنظر رکھتے ہوئے فراہم کی جارہی ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان نے میکرو اکنامک حالات کو بہتر بنانے میں نمایاں پیش رفت کی ہے، اور یہ پروگرام پالیسی اور ادارہ جاتی اصلاحات میں حکومت کے عزم کی توثیق کرتا ہے۔

مالی معاونت کی تفصیل بیان کرتے ہوئے اے ڈی بی نے بتایا کہ 30 کروڑ ڈالرز براہِ راست قرض کی صورت میں فراہم کیے جائیں گے، جبکہ 50 کروڑ ڈالرز کمرشل بینکوں سے ایک ارب ڈالرز تک کے حصول کے لیے ضمانت کی صورت میں فراہم کیے جائیں گے۔

بینک کے مطابق اس پروگرام سے نہ صرف مالیاتی خسارے اور قرضوں میں کمی کا امکان ہے بلکہ اس کے نتیجے میں ترقیاتی اور سماجی شعبوں میں اخراجات کے لیے مزید مالی گنجائش بھی پیدا ہوگی، جو پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں معاون ثابت ہوگی۔

اے ڈی بی نے مزید بتایا کہ وہ 1966ء سے اب تک پاکستان کو 52 ارب ڈالرز سے زائد کا تعاون فراہم کرچکا ہے، جو ملک کی ترقی اور اقتصادی استحکام میں اس کے طویل المدتی عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

Scroll to Top