خیبرپختونخوا حکومت کا بڑا اقدام، قبائلی اضلاع میں 60 ارب روپے خرچ کر دیے، مالی سال کی تفصیلات جاری

خیبرپختونخوا حکومت کا بڑا اقدام، قبائلی اضلاع میں 60 ارب روپے خرچ کر دیے، مالی سال کی تفصیلات جاری

خیبرپختونخوا حکومت نے رواں مالی سال کے دوران قبائلی اضلاع میں مجموعی طور پر 60 ارب روپے کے اخراجات کیے ہیں، جن میں جاریہ اخراجات اور ترقیاتی منصوبے شامل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے قبائلی اضلاع کے لیے فنڈز میں محدود اضافہ صوبائی حکام کے لیے تشویش کا باعث بن رہا ہے۔محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا کے ذرائع کے مطابق 60 ارب روپے کے مجموعی اخراجات میں سے 40 ارب روپے جاریہ اخراجات جبکہ 20 ارب روپے ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کیے گئے۔ ترقیاتی منصوبوں میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری، صحت، تعلیم اور دیگر سہولیات شامل ہیں۔

نجی ٹی وی چینل (دنیا نیوز)کے مطابق رواں مالی سال میں وفاق نے آزاد کشمیر کے فنڈز میں 50 فیصد اور گلگت بلتستان کے لیے 60 فیصد تک اضافہ کیا، جبکہ قبائلی اضلاع کے لیے صرف 6 ارب روپے کا اضافہ کیا گیا۔ صوبائی حکومت نے اس تفاوت پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انضمام کے بعد قبائلی اضلاع کو مناسب وسائل کی فراہمی ناگزیر ہے۔

مزید تفصیلات کے مطابق 2018 میں فاٹا کے خیبرپختونخوا میں انضمام کے وقت قبائلی اضلاع میں سرکاری ملازمین کی تعداد 90 ہزار تھی۔ گزشتہ چھ سال کے دوران ان اضلاع میں 18 ہزار ملازمین ریٹائر ہوئے جبکہ 20 ہزار نئی بھرتیاں کی گئیں۔

صوبائی حکومت کا مؤقف ہے کہ قبائلی اضلاع میں پائیدار ترقی اور سیکیورٹی کے لیے وفاق کو اپنی مالی ذمہ داریوں میں اضافہ کرنا چاہیے تاکہ انضمام کے اصل ثمرات وہاں کے عوام تک پہنچ سکیں۔

Scroll to Top