پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ ان کی جماعت ملک میں آئین و قانون کی بالادستی کے لیے کسی بھی قربانی سے گریز نہیں کرے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ مہنگائی، ناجائز ٹیکسز اور آئینی خلاف ورزیوں کے خلاف پی ٹی آئی حکومت کو ٹف ٹائم دے گی۔
نجی ٹی وی چینل’’دنیا نیوز‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر کا کہنا تھا کہ ملک میں اس وقت آئین اور قانون نام کی کوئی چیز باقی نہیں رہی، اور پی ٹی آئی کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین کی مخصوص نشستوں سے متعلق کیس ہو یا دیگر معاملات، سب کو معلوم ہے کہ پسِ پردہ کیا ہو رہا ہے۔
انہوں نے موجودہ حکومت کو ’’غیر منتخب‘‘قرار دیتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں جان بوجھ کر عدم استحکام پیدا کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ اسد قیصر نے الزام لگایا کہ وفاق خیبرپختونخوا کے عوام کو مسلسل نظر انداز کر رہا ہے، این ایف سی ایوارڈ، نیٹ ہائیڈل پرافٹ اور دیگر واجبات کی ادائیگی نہیں کی جا رہی۔
اسد قیصر کا کہنا تھا کہ عوام کو درپیش مہنگائی کے طوفان کے خلاف پی ٹی آئی خاموش نہیں بیٹھے گی، اور جلد بھرپور احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی، جس کی ہدایت پارٹی بانی عمران خان خود دیں گے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ ان کی جدوجہد ذاتی مفادات کے لیے نہیں بلکہ ملک میں آئینی و جمہوری نظام کی بحالی اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے ہے۔





