نوشہرہ: ضلع نوشہرہ کے علاقے پبی سب ڈویژن کے بنڈہ نبی میں جعلی برانڈیڈ کاربونیٹڈ مشروبات تیار کرنے والی غیر قانونی فیکٹری پر ضلعی انتظامیہ نے کامیاب چھاپہ مارا، جس دوران 21 ہزار لیٹر جعلی مشروبات برآمد کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق فیکٹری میں معروف قومی اور بین الاقوامی برانڈز کے لیبل لگا کر جعلی سوڈا تیار کیا جا رہا تھا، جو مارکیٹ میں تقسیم کے لیے تیار تھا۔
کارروائی اسسٹنٹ کمشنر پبی کی نگرانی میں عمل میں لائی گئی، جس میں فیکٹری کے اندر بڑی تعداد میں جعلی بوتلوں کی فلنگ اور پیکنگ کی جا رہی تھی۔
چھاپے کے دوران برآمد کیے گئے مشروبات کے نمونے تجزیے کے لیے لیبارٹری بھیج دیے گئے ہیں، جبکہ فیکٹری مالک اور دیگر ملوث افراد کے خلاف ملاوٹ، جعلی مصنوعات کی تیاری اور عوامی صحت کو خطرے میں ڈالنے کے الزامات کے تحت ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور میں عیدالاضحی کے لیے سیکیورٹی اور ٹریفک پلان کو حتمی شکل دے دی گئی
ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ عوامی صحت سے کھیلنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھی جائے گی اور ایسے غیر قانونی کاروبار کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے۔





