پشاور: صوبائی دارالحکومت پشاور میں عیدالاضحی کے موقع پر سیکیورٹی اور ٹریفک پلان کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، جس کے تحت چار ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار فرائض سرانجام دیں گے۔
کیپٹل سٹی پولیس کی جانب سے جاری کردہ سیکیورٹی پلان کے مطابق عید کے دوران شہر میں امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے تمام اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں، جبکہ ابابیل اسکواڈ، سٹی پٹرولنگ فورس، ٹریفک پولیس اور مقامی پولیس کی موبائل گشت میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں کی نگرانی سخت کر دی گئی ہے۔
اہم بازاروں، شاہراہوں، عیدگاہوں، مساجد اور مویشی منڈیوں میں پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔ سادہ کپڑوں میں پولیس اہلکار مشتبہ افراد پر نظر رکھیں گے، جبکہ گنجان آباد علاقوں میں سنیفر ڈاگز، لیڈیز پولیس، بم ڈسپوزل اسکواڈ، پٹرولنگ فورس اور بکتربند گاڑیاں گشت کریں گی۔
پولیس کو ہدایت دی گئی ہے کہ ہوٹلوں اور سراؤں میں قیام پذیر افراد پر کڑی نظر رکھی جائے، جبکہ عید سے قبل شہر کے گردونواح میں انفارمیشن بیسڈ خصوصی سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز بھی کیے جائیں گے۔
عید کے بڑے اجتماعات اور حساس مساجد کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی، اور تمام ڈویژنل ایس پیز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سیکیورٹی اقدامات کی خود نگرانی کریں۔
یہ بھی پڑھیں : مشیر خزانہ مزمل اسلم کو عمران خان سے ملاقات کی پانچویں بار بھی اجازت نہ ملی
دوسری جانب ٹریفک پولیس نے بھی عید کے لیے خصوصی ٹریفک پلان تشکیل دے دیا ہے، جس کے تحت شہر کی اہم شاہراہوں، بازاروں اور مویشی منڈیوں کے اطراف میں ایک ہزار سے زائد ٹریفک پولیس افسران و اہلکار ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے تعینات رہیں گے۔





